حیدرآباد، 22 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک ڈرامائی مقابلے میں حیدرآباد ایف سی کو جی ایم بالا یوگی اسٹیڈیم میں ہفتہ کو کھیلے گئے ہیرو انڈین سپر لیگ (اآئی ایس ایل ) کے اس کے نویں دور کے مقابلے میں دو بار کے چمپئن اے ٹی کے کے خلاف 2-2 سے ڈرا سے اطمینان کرنا پڑا۔اس دلچسپ میچ کے 85 ویں منٹ تک دونوں ٹیمیں 1-1 کی برابری پر چل رہی تھیں لیکن ڈیوسن روجیریو دا سلوا ارف بوبو نے 85 ویں منٹ میں ہیڈر کے ذریعے گول کرتے ہوئے حیدرآباد کو 2-1 سے آگے کر دیا تھا۔حیدرآباد ٹیم اپنی جیت کا جشن منانے کی تیاری میں تھی لیکن اسی درمیان اس کے گول کیپر کمل جیت سنگھ نے 90 ویں منٹ میں ایسی غلطی کی، جو اسے بھاری پڑ گئی۔ ان کی غلطی کا فائدہ اٹھا کر رائے کرشنا نے گول کرتے ہوئے اے ٹی کے کو 2-2 سے برابری دلا دی۔ اس گول میں جاوي ھرنانڈیزنے کرشنا کی مدد کی۔
یہ اس سیزن میں کرشنا کا آٹھواں گول ہے ۔بوبو کے گول کے بعد لگا کہ حیدرآباد ایف سی کولکتہ میں ملی 0-5 کی شکست کا حساب برابر کر لے گی لیکن قسمت نے اس کا ساتھ نہیں دیا۔ دونوں ٹیموں کا یہ نواں مقابلہ تھا۔ دو بار کی چمپئن اے ٹی کے چار جیت، دو ہار اور تین ڈرا سے 14 پوائنٹس لے کر 10 ٹیموں کی ٹیبل میں دوسرے مقام پر پہنچ گئی ہے ۔ اسے ایک مقام کا فائدہ ہوا ہے ۔دوسری طرف، پہلی بار اآئی ایس ایل میں کھیل رہی حیدرآباد ایف سی کے اکاؤنٹ میں چھ ہار، ایک جیت اور دو ڈرا رہے ۔ اس کے پاس پانچ پوائنٹس ہیں اور وہ ٹیبل میں اب بھی سب سے نیچے ہے ۔