حیدرآباد ۔27۔ مئی(سیاست نیوز) سابق وزیر اور کانگریس کی سینئر لیڈر ڈاکٹر ناگم جناردھن ریڈی نے دریائے کرشنا کے پانی کے سلسلہ میں تلنگانہ سے ناانصافی پر مرن برت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش کی جانب سے پوتی ریڈی پاڈو پراجکٹ کے لئے دریائے کرشنا کا پانی حاصل کیا جارہا ہے لیکن کے سی آر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ رائلسیما کو کرشنا سے پانی کی سربراہی کی صورت میں تلنگانہ کے کئی اضلاع خشک سالی کا شکار ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو پینے کے پانی کی سربراہی بھی متاثر ہوگی۔ اپوزیشن کے احتجاج کے بعد کے سی آر نے اس مسئلہ پر سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا اعلان کیا لیکن آج تک اس خصوص میں کوئی پیشرفت نہیں کی گئی ۔ جناردھن ریڈی نے کہا کہ دریائے کرشنا کے پانی کے استعمال کے سلسلہ میں تلنگانہ کو جو اختیارات حاصل ہیں، اس کے استعمال میں کے سی آر حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ اگر کے سی آر رویہ تبدیل نہ کریں تو وہ مرن برت کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو خشک سالی سے بچانے کیلئے کرشنا اور گوداوری کے پانی کا تحفظ ضروری ہے۔