کرشنا کے پانی کے مسئلہ پر کشن ریڈی کی قیادت میں جدوجہد

   

بی جے پی کا اجلاس، دریائے کرشنا کے پانی کے تحفظ کے اقدامات کا مطالبہ
حیدرآباد۔ یکم جون (سیاست نیوز) دریائے کرشنا سے پانی کے حصول کے مسئلہ پر ریاستی بی جے پی کا اجلاس منعقد ہوا۔ بی جے پی کے ریاستی صدر بی سنجئے نے اجلاس کی صدارت کی۔ بعد میں پارٹی قائدین نے کہا کہ دریائے کرشنا کے پانی کے مسئلہ پر جدوجہد کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آندھراپردیش کی جانب سے زائد پانی کے حصول کے سلسلہ میں تلنگانہ کے کئی اضلاع خشک سالی کا شکار ہوسکتے ہیں۔ لہٰذا بی جے پی نے تلنگانہ سے ناانصافیوں کے خلاف جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے۔ بعد میں پی سدھاکر ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی آبپاشی پراجیکٹس کے خلاف نہیں ہے لیکن پراجیکٹس کی تعمیر میں مبینہ بے قاعدگیوں اور اسکامس کے خلاف آواز بلند کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی کی قیادت میں دریائے کرشنا کے پانی کے مسئلہ پر جدوجہد کی جائے گی۔ انہوں نے چیف منسٹر سے کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ تلنگانہ کے مفادات کے تحفظ میں کے سی آر حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ سدھاکر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کا جو حق ہے اس پر آندھراپردیش قابض ہورہا ہے۔ رائل سیما کے پراجیکٹ کے لیے دریائے کرشنا سے پانی کا حصول تلنگانہ سے ناانصافی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی عوامی مسائل پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اجلاس میں مرکزی وزیر کشن ریڈی کے علاوہ بی جے پی قائدین بی سنجئے، ڈی کے ارونا، مرلیدھر رائو اور دوسروں نے شرکت کی۔