کرشنا کے پانی کے مسئلہ پر کے سی آر اور جگن میں ملی بھگت

   

تلنگانہ کے کئی اضلاع کو خشک سالی کا خطرہ، اتم کمار ریڈی کا الزام
حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر اور آندھرا کے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے مشترکہ طور پر کرشنا کا پانی منتقل کرنے کی سازش تیار کی ہے۔ پوتی ریڈی پاڈو پراجکٹ کی توسیع کرتے ہوئے دریائے کرشنا کا پانی تلنگانہ سے آندھرا پردیش کو منتقل کرنے کی تیاری ہے۔ اس سازش میں دونوں چیف منسٹرس برابر کے شریک ہیں۔ اتم کمار ریڈی اے آئی سی سی سکریٹری اور سابق رکن اسمبلی سمپت کمار کی جانب سے پوتی ریڈی پاڈو پراجکٹ پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور جگن نے گزشتہ سال حیدرآباد میں اپنی ملاقاتوں کے دوران یہ سازش تیار کی۔ گزشتہ سال ڈسمبر میں جگن نے پراجکٹ کی توسیع کا اعلان کیا اور کانگریس کے قائد ناگم جناردھن ریڈی نے چیف منسٹر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے فوری کارروائی کی اپیل کی۔ چونکہ چیف منسٹر خود اس سازش میں ملوث ہیں لہذا انہوں نے خاموشی اختیار کرلی۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ پوتی ریڈی پاڈو سے 88000 کیوزکس اور سنگمیشورم پراجکٹ سے 3 ٹی ایم سی پانی کے حصول کی صورت میں جنوبی تلنگانہ مکمل طور پر خشک سالی کا شکار ہوجائے گا۔ آندھرا پردیش حکومت کے احکامات کے باوجود چیف منسٹر کی خاموشی معنی خیز ہے۔