کرغستان سے تلنگانہ کے طلبہ کو محفوظ ملک منتقل کرنے کے اقدامات

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلیٰ سطحی اجلاس ، عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔20۔ مئی ۔(سیاست نیوز) کرغستان میں تعلیم حاصل کر رہے ہندستانی طلبہ بالخصوص تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنانے اور انہیں محفوظ ملک منتقل کرنے کے اقدامات کے سلسلہ میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج اعلیٰ حکام سے رابطہ قائم کرتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کرغستان میں ہندستانی سفارتی عہدیداروں سے رابطہ کرتے ہوئے ریاست سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے متعلق تفصیلات حاصل کریں۔ کرغستان میں ہندستانی طلبہ پر جاری حملوں کے درمیان سوشل میڈیا پر خوفزدہ ہندستانی طلبہ کی جانب سے کی جانے والی پوسٹس کو مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین بالخصوص بھارت راشٹرسمیتی قائد ٹی ہریش راؤ اور صدر مجلس بیرسٹر اسدالدین اویسی نے پوسٹ کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے اپیل کی تھی کہ وہ فوری اس معاملہ میں مداخلت کرتے ہوئے مرکزی وزارت خارجہ کو متوجہ کروائیں اور تلنگانہ کے طلبہ کو محفوظ ہندستان واپس لانے کے اقدامات کئے جائیں ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اس سلسلہ میں کابینہ کے اجلاس کے دوران صورتحال کے متعلق معلومات حاصل کی اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مرکزی وزارت خارجہ سے رابطہ کرتے ہوئے کرغستان میں موجود تمام تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے متعلق تفصیلات حاصل کریں۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے تفصیلات کے حصول کے بعد کہا کہ انہیں جو معلومات حاصل ہوئی ہیں ان کے مطابق کرغستان میں جاری جھڑپوں میں اب تک کسی بھی ہندستانی طالب علم کی شدید زخمی ہونے یا دواخانہ میں شریک کئے جانے کی کوئی اطلاعات نہیں ہیں اور کرغستان میں تعلیم حاصل کر رہے طلبہ کے امتحانات کا سیزن چل رہا ہے اور طلبہ امتحانات کی تیاری میں مصروف ہیں اسی لئے ان کے متعلق کوئی بھی افواہیں پھیلانے سے گریز کیا جائے ۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت کی جانب سے کرغستان کے حالات پر گہری نظر رکھنے کی ہدایت جاری کی جاچکی ہے۔3