کرما گوڑہ میں سڑک کی تعمیر کیلئے کھدائی عوام کیلئے مسائل کا سبب

   

۔20 دن سے راستہ بند، ٹو وہیلرس سواروں کو حادثات
حیدرآباد: شہر میں مانسون کی آمد سے قبل حکومت نے سڑکوںکی تعمیر و مرمت کا کام مکمل کرنے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی تھی لیکن شہر کے بعض علاقوں میں کنٹراکٹرس ، حکومت کی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے سڑکوں کی تعمیر کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کئی مقامات پر نئی سڑک کی تعمیر کے لئے قدیم سڑک کو کھود کر چھوڑ دیا گیا جس کے نتیجہ میں مقامی عوام کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ کرما گورہ کے علاقہ میں گزشتہ 20 دن سے کنٹراکٹر نے سڑک کی تعمیر کا کام ادھورا چھوڑ دیا جس کے نتیجہ میں کئی حادثات پیش آرہے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ معمولی بارش کی صورت میں کھودی گئی سڑک پر پانی جمع ہوجاتا ہے اور کئی ٹو وہیلرس گاڑیاں حادثہ کا شکار ہورہی ہیں۔ گھروں کے سامنے سڑک کو ادھورا چھوڑ دینا معصوم اور کمسن بچوں کے لئے خطرہ بن چکا ہے ۔ مقامی افراد نے اس سلسلہ میں عوامی نمائندوں کو بارہا توجہ دلائی لیکن تعمیری کام کا آغاز نہیں ہوا ۔ ایک طرف سڑک کا ملبہ تو دوسری طرف جگہ جگہ گڑھے حادثات کا سبب بن چکے ہیں۔ مقامی افراد نے رکن اسمبلی اور کارپوریٹر سے اپیل کی ہے کہ عوام کی تکالیف کو پیش نظر رکھتے ہوئے سڑک کی تعمیر کا کام جنگی خطوط پر مکمل کریں۔ لاک ڈاؤن کے دوران کئی علاقوں میں سڑک کی تعمیر کا کام رات کے اوقات میں انجام دیا گیا لیکن کرما گوڑہ میں کنٹراکٹر کو تعمیر سے کوئی دلچسپی دکھائی نہیں دیتی۔ مقامی افراد نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر کیلئے واٹر پائپ لائین اور ڈرینج لائین کو نقصان پہنچا ہے اور عوام پینے کے پانی سے محروم ہیں۔ ڈرینج کا پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے ۔