بنگلورو : کرناٹک میں بی جے پی کی کارکن کو وزیر اعلیٰ سدارامیا کے خلاف سوشل میڈیا پر توہین آمیز پوسٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم شکنتلا نے کانگریس رہنما کے ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے نیچے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’اگر یہ بات سدارامیا کی بہو یا ان کی بیوی کے ساتھ ہوتو کیا تم تب بھی یہی کہو گے؟۔دراصل کانگریس رہنما نے بی جے پی پر الزام عائد کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا تھا کہ ’بھگوا پارٹی اڈپی کیس کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے‘، جس کے جواب میں شکنتلا نے وزیراعلیٰ کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کیا۔بی جے پی کی لیڈرنے وزیر اعلیٰ کے خلاف مبینہ توہین آمیز پوسٹس ٹوئٹر اور فیس بک پر شیئر کیا تھا۔ بنگلورو کے ہائی گراؤنڈس پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف شکایت درج کروائی گئی اور پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد شکنتلا کو گرفتار کرلیا۔واضح رہے کہ کرناٹک کے اڈپی میں ایک پرائیویٹ کالج میں خواتین کے بیت الخلا میں خفیہ طور پر ویڈیو ریکارڈ کرنے کا تین طالبات پر الزام عائد کیا گیا ہے۔ تاہم کالج انتظامیہ نے واقعے کی اطلاع پولیس کو دی اور تینوں کو معطل کر دیا۔وہیں اس معاملہ پر بی جے پی کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔