کانگریس منشور میں بجرنگ دل پر پابندی کے بعد انتخابی مہم میں نئی کروٹ
حیدرآباد۔3۔ مئی ۔(سیاست نیوز) کرناٹک اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی اپنی انتخابی مہم میں شدت پیدا کرنے کے لئے قومی بی جے پی قائدین کو میدان میں اتارے ہوئے ہے اوراب 6مئی کو کرناٹک میں وزیر اعظم نریندر مودی منفرد انداز کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے اور وہ اس دن بنگلورو میں 35کیلو میٹر روڈ شو کریں گے ۔گجرات اسمبلی انتخابات کی انتخابی مہم کے آخری مراحل میں وزیر اعظم نریندر مودی نے احمد آباد میں 50کیلو میٹر طویل روڈ شو منعقد کیا تھا اور اس روڈ شو کے دوران ایمبولنس کو راستہ فراہم کئے جانے کے ویڈیوز خوب وائرل ہوئے تھے ۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات میں بجرنگ دل پر پابندی کا مسئلہ اٹھائے جانے کے بعد کرناٹک میں انتخابی مہم نئی کروٹ لیتی جا رہی ہے اور بجرنگ دل قائدین و کارکن کانگریس کو مسلسل نشانہ بنارہے ہیں اور ساتھ ہی وزیر اعظم نے بھی کانگریس کے انتخابی منشور کے اس حصہ کو نشانہ بناتے ہوئے یہ کہنا شروع کردیا کہ کانگریس ’بجرنگ بلی ‘ کو قید کرنے کی بات کررہی ہے۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات میں اب تک بھی کئی سروے اور اوپینین پول میں یہ دعویٰ کیا جا رہاہے کہ کانگریس کو عوامی حمایت حاصل ہے اور مختلف اضلاع کے سروے یہ بات واضح کررہے ہیں کہ کانگریس کا پلڑا بھاری ہے ۔ آر ایس ایس کے اندرونی سروے اور خود بی جے پی کے سروے سے پارٹی قائدین مشکل حالات کا سامنا کررہے ہیں اور بہر صورت عوامی رائے کو اپنے حق میں کرنے کی کوشش کی جانے لگی ہے۔سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ریاست کرناٹک میں اب بھارتیہ جنتا پارٹی کا کوئی چہرہ نہیں رہ گیا اسی لئے وزیر اعظم نریندر مودی کو 35کیلومیٹر کے روڈ شو میں مدعو کیا جا رہاہے ۔ اس روڈ شو کا انعقاد 6مئی کو بنگلورو شہر میں عمل میں لایا جائے گا۔م