کرناٹک اسمبلی میں ’’ نماز گاہ‘‘ فراہم کرنے رکن کونسل فاروق کی نمائندگی

   

حیدرآباد۔/12 جولائی، ( سیاست نیوز) ملک میں حجاب اور نماز کی ادائیگی کے خلاف نفرت کا ماحول پیدا کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کرناٹک میں جنتا دل سیکولر کے رکن کونسل بی ایم فاروق نے اسمبلی کامپلکس میں نماز گاہ کیلئے جگہ مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔ بی ایم فاروق نے قانون ساز کونسل کے صدرنشین بسوا راج ہورٹی کو ایک مکتوب حوالے کرتے ہوئے ودھان سودھا کامپلکس میں مسلم ارکان اسمبلی اور کونسل کے علاوہ مسلم اسٹاف کو نماز کی سہولت کیلئے علحدہ گوشہ فراہم کرنے کی درخواست کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی اور کونسل میں طویل مباحث کے نتیجہ میں مسلم ارکان اور اسٹاف نماز کی ادائیگی کیلئے مسجد جانے سے قاصر ہیں۔ صدرنشین قانون ساز کونسل نے اس بارے میں کوئی تیقن نہیں دیا تاہم وزیر امور مقننہ ایچ کے پاٹل نے بی ایم فاروق کو تیقن دیا کہ وہ اس مسئلہ پر صدرنشین کونسل کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے۔ جنتا دل سیکولر رکن کو امید ہے کہ بی جے پی کو اس تجویز سے کوئی اختلاف نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ ٹاملناڈو اسمبلی میں مسلم ارکان کیلئے نماز روم قائم کیا گیا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ کرناٹک کی کانگریس سرکار نماز روم کی فراہمی کے مسئلہ پر کیا فیصلہ کرے گی۔ر