باغیوں کے اعتماد سے چیف منسٹر کے عہدہ تک رسائی سے جرم کا احساس، یدی پورپا کا سنسنی خیز انکشاف، ویڈیوکلپ کا افشاء
بنگلور ۔ 2 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں کانگریس جنتا دل (سیکولر) حکومت کے زوال کے لئے ارکان اسبملی کی طرف سے کی گئی بغاوت کے تمام انتظامات کی نگرانی بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے کی تھی ۔ اس سنسنی خیز حقیقت کا ایک افشاء شدہ ویڈیو کلپ میں انکشاف ہوا ہے ، جس میں چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا ہے ۔ یہ واقعہ ایسے وقت منظر عام پر آیا ہے جب ان (یدی یورپا) کا انتظامیہ اقتدار پر اپنے 100 دن مکمل کر رہا ہے ۔ اس ویڈیو کلپ پر ردعمل کی خواہش کے جواب میں یدی یورپا نے اس کی صداقت کو کوئی چیلنج نہیں کیا بلکہ کہا کہ وہ بی جے پی کارکنوں سے پارٹی کے مفاد میں بات کر رہے تھے ۔ اس ویڈیو کلپ میں انہیں اپنی پارٹی کے ارکان سے یہ کہتے ہوئے سنا گیا ہے کہ کانگریس اور جنتا دل (ایس) کے ان 17 ارکان اسمبلی کے ساتھ اچھا سلوک کریں جو اس سال جولائی میں ایچ ڈی کمارا سوامی حکومت کو معزول کرنے کے لئے اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے تھے ۔ سوشیل میڈیا پر تیزی کے ساتھ گشت کرنے والی اس ویڈیو کلپ میں یدی پورپا نے یہ کہا تھا کہ بی جے پی کے قومی صدر اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ان باغی ارکان اسمبلی کے منصوبوں سے واقف تھے جو اپنی متعلقہ پارٹیوں کی طرف سے وہپ جاری کئے جانے کے باوجود ممبئی کی فائیو اسٹار ہوٹل میں کیمپ کئے ہوئے تھے ۔ یدی یورپا اس ویڈیو کلپ میں کہہ رہے تھے کہ ’’کیا آپ جانتے ہیں؟ آپ جانتے ہیں۔ آیا یہ یدی یورپا نہیں تھے جنہوں نے اس کا فیصلہ کیا تھا ۔ قومی صدر اس سے پوری طرح باخبر تھے اور اس کی نگرانی کر رہے تھے اور تمام انتظامات کئے تھے ۔ کیا آپ جانتے ہیں ؟ آپ کو معلوم ہے ۔ نہیں جانتے ؟ ان 17 افراد کے فیصلہ کے بارے میں … وہ دو تا تین ماہ یہاں سے دور ممبئی میں رہے۔ وہ اس لئے حلقوں میں عوام سے ملاقات کرنے یا اپنے خاندانوں سے ملنے کے لئے گھر نہیں جاسکے تھے ۔ کیا آپ جانتے ہیں ؟ نہیں جانتے ؟ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ انہوں (کانگریس۔ جے ڈی ایس) کے باغی ارکان نے ہماری غیر معمولی مدد کی جنہیں (ہم سب کو) ماباقی میعاد تک اپوزیشن میں رہنا تھا لیکن انہوں (باغی ارکان ) نے ہمیں حکمراں جماعت بننے میں مدد کی ۔ انہوں نے اپنی رکنیت سے استعفیٰ دیا تھا۔ سپریم کورٹ بھی گئے تھے ۔ یہ سب کچھ جانتے ہوئے خواہ کچھ بھی ہوجائے۔ ان کا ساتھ دینا چاہئے ۔ یدی یورپا نے مزید کہا کہ لیکن آپ میں سے کسی نے بھی ایسا نہیں کہا ، مجھے اس کی توقع نہیں تھی ۔ اس پر مجھے بہت افسوس تھا ، میں تین چار مرتبہ چیف منسٹر رہ چکا ہوں۔ میں یہ سب کچھ دیکھ چکا ہوں۔ یدی یورپا نے کہا کہ ان (باغی ارکان اسمبلی) کے اعتماد کی مدد سے چیف منسٹر بنتے ہوئے مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ جیسے میں کوئی جرم کیا ہوں‘‘۔ کانگریس کے لیڈر اور سابق چیف منسٹر سدا رامیا کی چند روز قبل پارٹی قائدین کے ساتھ طبقہ واریت اور ذات پات کی سیاست پر بات چیت کا ویڈیو کلپ منظر عام پر آیا تھا ۔ اس کلپ کے بارے میں ایک سوال پر یدی یورپا نے کہا کہ وہ ہبلی میں اپنی پارٹی کے کارکنوں سے ایک مخصوص حلقہ کے بارے میں بات چیت کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جو ذمہ دار ورکرس ہیں وہ اس طرح کی بات نہیں کرتے ۔ کرناٹک کانگریس کے سربراہ دنیش گنڈا راؤ نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ کانگریس کے لئے جے ڈی (ایس) کے تین اور ایک آزاد رکن کی بغاوت کے سبب کرناٹک میں بی جے پی برسر اقتدار آئی ہے۔