محض 7 فیصد اضافی ووٹ سے کانگریس 150 نشستوں پر کامیاب ہوسکتی ہے ۔ سروے رپورٹس میں انکشاف
حیدرآباد۔4۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) کرناٹک اسمبلی انتخابات میں معمولی ووٹوں کا فرق اور 13فیصد مسلم ووٹ کا متحدہ استعمال کانگریس کو 150 نشستوں پر کامیاب بنا سکتا ہے جو کہ بی جے پی کی مشکلات میں اضافہ کا سبب بن رہا ہے ۔ کرناٹک انتخابات میں اگر کانگریس کو ملنے والے ووٹ میں محض 7 فیصد کا اضافہ ہوتا ہے تو کانگریس کو 150نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی اور اگر 5فیصد ووٹوں میں اضافہ ہوتا ہے تو 139نشستیں کانگریس حاصل کرسکتی ہے۔ بی جے پی اور اس کی محاذی تنظیموں کی جانب سے مختلف اداروں سے کئے گئے سروے میں ان انکشافات سے خوفزدہ بی جے پی قیادت نے انتخابات میں اپنی پوری طاقت جھونک رہی ہے۔ کانگریس کو 2019 اسمبلی انتخابات میں مجموعی اعتبار سے 31.50 فیصد ووٹ ملے تھے اور جنتادل سیکولر 4.87 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی جبکہ بی جے پی کو 50.32 فیصد ووٹ حاصل ہوئے تھے لیکن اب سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہناہے کہ اگر کانگریس کے مجموعی ووٹ میں اضافہ ہوتا ہے تو کانگریس کی نشستوں میں کافی اضافہ ہوگا کیونکہ کرناٹک میں متحدہ ووٹ کے نظریہ اور حلقہ اسمبلی کے اساس پر اگر ووٹ کا مشاہدہ کیا جائے تو کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیابی مل سکتی ہے۔ انڈیا ٹوڈے کے سروے کے مطابق کانگریس کو ملنے والے ووٹ کے فیصد میں محض ایک فیصد کے اضافہ سے 3نشستوں کا فائدہ ہوگا جبکہ 2 فیصد ووٹوں کا اضافہ کانگریس کی 12 نشستوں کا اضافہ کرسکتا ہے اور گذشتہ انتخابات میں 80نشستیں پانے والی کانگریس کو 92نشستیں حاصل ہوسکتی ہیں۔ اگر کانگریس کے ووٹ میں 3 فیصد اضافہ ہوتا ہے تو 107 نشستوں پر کامیابی کے امکانات ہیں ‘4 فیصد ووٹ کا اضافہ کانگریس کو 122 نشستوں پر کامیاب بنا سکتا ہے اسی طرح 5 فیصد ووٹ کے حصول میں کامیابی پر کانگریس 139 نشستیں حاصل کرسکتی ہے۔ اگر 7 فیصد اضافی ووٹ یعنی کانگریس اگر 39 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو تو اسے 150نشستوں پر کامیابی مل سکتی ہے۔ کرناٹک انتخابات میں بی جے پی کو کامیابی سے روکنے کیلئے صرف مسلمان نہیں بلکہ سیکولر شہری اور لنگایت طبقہ ووٹر بھی متحدہ طور پر جدوجہد کر رہے ہیں اور خواتین میں بھی بی جے پی کے حق میں رائے دہی کے کوئی رجحانات نہیں ہیں ۔ کرناٹک میں مسلم رائے دہندوں کا فیصد 13ہے جبکہ لنگایت طبقہ کی آبادی 17فیصد ہے ۔ مسلمان اور لنگایت متحدہ طور پر کانگریس کے حق میں رائے دہی کرتے ہیں تو ایسی صورت میں کانگریس کرناٹک اسمبلی انتخابات میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔