کرناٹک انتخابات میں کانگریس کی کامیابی پر مختلف سروے رپورٹس

   

سٹہ بازار کی جانب سے کانگریس کو برتری کا دعویٰ ، نتائج کا تلنگانہ پر بھی اثر ہوگا
حیدرآباد۔27اپریل(سیاست نیوز) کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کے سلسلہ میں مختلف سروے رپورٹس میں انکشاف کے بعد اب ’سٹہ بازار‘ کی جانب سے کرناٹک میں کانگریس کو برتری کا دعویٰ کیا جانے لگا ہے اورکہا جا رہاہے کہ ریاست کرناٹک میں کانگریس کو دیگر سیاسی جماعتوں پر برتری حاصل ہوگی اور کانگریس واحد سیاسی جماعت ہوگی جو کہ تین ہندسوں پر مشتمل یعنی 100 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات کو 2024عام انتخابات سے قبل کافی اہمیت حاصل ہونے لگی ہے اور تلنگانہ کی سیاست پر بھی کرناٹک اسمبلی انتخابات کے نتائج اثر انداز ہونے کے قوی امکانات ہیں ۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات کے متعلق سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ان انتخابات کو کئی وجوہات کی بناء پر کافی اہمیت حاصل ہوچکی ہے جن میں راہول گاندھی کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ راہول گاندھی کو پارلیمنٹ کی رکنیت سے نااہل قرار دیا جانا ‘ بی جے پی کے لئے 2024عام انتخابات سے قبل ہونے والی آزمائش ‘ جنوبی ہند میں بی جے پی کے مستقبل کے علاوہ کئی اعتبار سے کرناٹک انتخابات کے نتائج کو اہمیت حاصل ہونے لگی ہے۔ ذرائع کے مطابق سٹہ بازار نے بھی ان تمام امور کو نظر میں رکھتے ہوئے جو دعویٰ کیا ہے اس کے مطابق کانگریس کو واضح اکثریت حاصل ہوگی اور کرناٹک میں کانگریس 115 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو سٹہ بازار کے ماہرین نے 82نشستوں پر کامیابی حاصل ہونے کا دعویٰ کیا جا رہاہے علاوہ ازیں کرناٹک کی سیاست میں کلیدی کردار ادا کرنے والی جنتا دل(سیکولر) کو 27 نشست پر کامیابی حاصل ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات میں سٹہ بازار کی دلچسپی اور کرناٹک اسمبلی انتخابات کے نتائج کے ساتھ ساتھ اس کے جنوبی ہند کی ریاستوں پر اثرات‘ 2024 عام انتخابات پر اثرات پر بھی سٹہ بازار گرمانے لگا ہے ۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لئے سٹہ بازار نے جن نشستوں کی پیش قیاسی کی ہے ان میں وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ اور انتخابی مہم میں حصہ لینے کے بعد تبدیلی کے بھی اشارے دیئے گئے ہیں۔م