کرناٹک اور گوا میں سیاسی بحران کے خلاف کانگریس کا پارلیمنٹ میں احتجاج جاری

   

نئی دہلی ۔11جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) گوا اور کرناٹک کی کانگریس میں جو سیاسی بحران پیدا ہوگیاہے اس کے خلاف کانگریس ارکان پارلیمان نے پارلیمنٹ میں شدید احتجاج کیا ۔ کانگریس کے متعدد سرکردہ قائدین جن میں سونیا گاندھی ، راہول گاندھی اور آنند شرما شامل تھے ۔ انہوں نے گاندھی کے مجسمہ کے سامنے پارلیمنٹ کے احاطہ میں احتجاج کیا اور نعرے لگائے ۔ یہ لوگ پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جس پر ’’ جمہوریت کو بچاؤ ‘‘ جیسے پیغام لکھے ہوئے تھے ۔ کانگریس اور جنتادل ( ایس) حکومت ارکان اسمبلی کے بڑی تعداد میں استعفیٰ دینے سے عدم استحکام کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔ بی جے پی نے دعویٰ کیا ہے کہ کرناٹک حکومت اقلیت میں آگئی ہے ۔ اس نے وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارا سوامی سے استعفیٰ کا بھی مطالبہ کیا ۔ گوا میں بھی چہارشنبہ کو کانگریس کو شدید جھٹکا لگا جب کانگریس کے 15ارکان اسمبلی میں سے 10ارکان نے اپنی پارٹی سے استعفیٰ دے کر بی جے پی میں شرکت کرلی ۔