گلبرگہ سٹی میں بی جے پی 23 کے مقابل کانگریس کو 27 نشستیں
حیدرآباد۔7 ستمبر(سیاست نیوز) کرناٹک بلدی انتخابات میں سیکولر پارٹیوں کے ووٹوں کی تقسیم کے باوجود کانگریس کے بہتر مظاہرہ نے سب کو حیرت میں مبتلاء کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ نہ صرف کانگریس بلکہ تینوں بلدیات بیلگاوی(بیلگام) ‘ گلبرگہ ‘ کے علاوہ ہبلی دھارواڑ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو بھی خوب فائدہ حاصل ہوا ہے۔ گلبرگہ سٹی کارپوریشن میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے 23 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور 27 نشستوں پر کانگریس کو کامیابی حاصل ہوئی ہے جبکہ جے ڈی ایس نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور ایک آزاد رکن منتخب ہونے میں کامیاب ہوا ہے۔ 55 وارڈس پر مشتمل بلدیہ میں مجلس نے 21 نشستوں پر اپنے امیدوار میدان میں اتارے تھے جن میں 5امیدوار اپنی ضمانت بچانے میں کامیاب رہے اور 4 نشستوں پر مجلس کے امیدوار دوسرے نمبر پر رہے اور ایک نشست پر تیسرا مقام مجلسی امیدوار کو حاصل ہوا ۔ 2013 کی گلبرگہ سٹی کارپوریشن الیکشن کا جائزہ لیا جائے تو اس وقت بھارتیہ جنتا پارٹی کو 7 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی اور بی جے پی کی حلیف کے جے پی نے بھی 7نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی لیکن اس مرتبہ بی جے پی کی نشستوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے لیکن گذشتہ بلدیہ میں 23 نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والی کانگریس نے بھی اپنی نشستوں میں اضافہ کو یقینی بنایا ہے اور اس میں 4نشستوں کے اضافہ کے ساتھ کانگریس 27 وارڈس میں کامیابی حاصل کرچکی ہے جبکہ مجلس کے میدان میں اترنے کے سبب کانگریس کے روایتی ووٹوں کو نقصان پہنچنے کی توثیق کی جا رہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ سیکولر ووٹ منقسم نہ ہوتے تو کانگریس گلبرگہ سٹی مئیر کی نشست پر کسی مفاہمت کے بغیر اپنا دعویٰ پیش کرسکتی تھی لیکن فی الحال ایسا ممکن نہیں ہے۔ سابق میں گلبرگہ میں بی جے پی یا کانگریس کو اس طرح کی صورتحال کا کبھی سامنا نہیں تھا اور اب جے ڈی ایس کے 4 ارکان بلدیہ کلیدی اہمیت کے حامل ہوچکے ہیں۔ اسی طرح ہبلی ۔دھارواڑ میونسپل کارپوریشن میں مجلس اور کانگریس کے باغی امیدواروں نے کانگریس کے ووٹ بینک کو نقصان پہنچایا ہے۔ ہبلی ۔دھارواڑ میں جو کہ 82 نشستوں پر مشتمل کارپوریشن ہے اس میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو 39 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے جبکہ مئیر بنانے کیلئے 42 نشستیں درکار ہیں۔ ہبلی ۔دھارواڑ میں کانگریس نے 33 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور 6 آزاد امیدوار بھی منتخب ہوئے ہیں جن میں کانگریس اور بی جے پی کے باغی امیدوار شامل ہیں۔ہبلی ۔دھارواڑ میونسپل کارپوریشن میں پہلی مرتبہ 11 امیدواروں کے ساتھ حصہ لینے والی مجلس کے 3 امیدوار منتخب ہوئے ہیں اور تینوں کامیاب امیدوار کانگریس کے مضبوط گڑھ میں امیدواروں کو شکست سے دوچار کرتے ہوئے منتخب ہوئے ہیں۔ بیلگاوی(بیلگام) سٹی کارپوریشن جو کہ 58 نشستوں پر مشتمل ہے اس کارپوریشن میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو واضح اکثریت حاصل ہوئی ہے جہاں بی جے پی نے 36 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 12 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں ۔ کانگریس کو محض 9نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے اور مجلس نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ہے۔ مجلس نے بیلگاوی میں 6امیدوار میدان میں اتارے تھے۔ مجموعی اعتبار سے کرناٹک کی ان تینوں بلدیات پر بھارتیہ جنتا پارٹی اپنے قبضہ کو یقینی بنانے کا دعویٰ کر رہی ہے جبکہ گلبرگہ سٹی کارپوریشن میں جے ڈی ایس کے موقف پر انحصار ہوگا ۔ M