کرناٹک بی جے پی کو مرکزی قیادت کے احکام کا انتظار

   

بنگلورو ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک بی جے پی کے صدر بی ایس یدی یورپا نے چہارشنبہ کو کہا کہ اس ریاست میں متبادل حکومت کے قیام کا ادعا کرنے کیلئے وہ ان کی پارٹی کی مرکزی قیادت کے احکام کا انتظار کررہے ہیں۔ ایچ ڈی کمارا سوامی کی زیرقیادت 14 ماہ قدیم کانگریس ۔ جے ڈی (ایس) مخلوط حکومت منگل کو ایوان اسمبلی میں تحریک اعتماد پر شکست فاش ہوجانے کے بعد اقتدار سے بیدخل ہوگئی تھی جس کے ساتھ ہی کرناٹک میں گذشتہ تین ہفتوں سے جاری اقتدار کی رسہ کشی اپنے انجام کو پہنچ گئی۔ یدی یورپا نے آر ایس ایس قائدین سے اس تنظیم کے ہیڈکوارٹرس ’’کیشوا کروپا‘‘ پر ملاقات و بات چیت کے بعد اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’میں دہلی سے احکام کا انتظار کررہا ہوں‘‘۔ میں کسی بھی وقت لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس طلب کرسکتا ہوں اور (تشکیل حکومت کا ادعا پیش کرنے کیلئے) راج بھون جاسکتا ہوں‘‘۔