بی جے پی کے مقرر کردہ صدورنشین پر کانگریس کا اعتراض
حیدرآباد۔/30 مئی، ( سیاست نیوز) کرناٹک میں حکومت کی تبدیلی کے باوجود بی جے پی کی جانب سے مقرر کردہ وقف بورڈ اور حج کمیٹی کے صدورنشین اور ارکان کی برقراری پر کانگریس کے اقلیتی قائدین میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ دونوں اداروں کے صدورنشین کا تقرر بسوا راج بومائی حکومت نے کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ سدا رامیا نے اقلیتی اداروں پر تقررات کے مسئلہ پر مسلم وزراء ضمیر احمد خاں اور رحیم خاں سے مشاورت کی ہے۔ حکومت کی تبدیلی کا فوری اثر حج بھون بنگلور میں دیکھا گیا جہاں صدرنشین کے چیمبر سے وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر ہٹادی گئی۔ صدرنشین حج کمیٹی نے ریاستی وزراء کے دورہ حج بھون سے قبل اپنے چیمبر سے نریندر مودی کی بڑی تصویر کو نکال دیا اور کعبۃ اللہ اور مدینہ منورہ کی بڑی تصاویر آویزاں کردی۔ صدرنشین حج کمیٹی رؤف الدین کچہیری والا کے چیمبر میں صدر جمہوریہ، وزیر اعظم، ریاستی گورنر اور ریاستی چیف منسٹر کی تصاویر پروٹوکول کے مطابق آویزاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن تک چیف منسٹر کے طور پر بسوا راج بومائی کی تصویر تھی جو اب ہٹادی گئی۔ صدرنشین نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کے باوجود حج کمیٹی برقرار رہے گی اور تصاویر پروٹوکول کے مطابق لگائی جائیں گی۔ سدا رامیا اور وزیر اُمور حج رحیم خاں کی تصاویر لگائی جائیں گی۔ کرناٹک میں کانگریس حکومت کے اقتدار حاصل کرنے کے بعد مختلف شعبوں میں بڑے پیمانہ پر تبدیلیاں کی جارہی ہیںاور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اسکیمات کو روبہ عمل لانے پر غور کیا جارہا ہے ۔ ر