کرناٹک حکومت کسی بھی لمحہ زوال پذیر ہونے کی پیش قیاسی

   

بنگلورو ۔ /20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنتادل (ایس) قائد سابق چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی نے پیر کے دن یہ اندیشہ ظاہر کیا کہ بی ایس یدی یورپا زیرقیادت بی جے پی حکومت کسی بھی لمحہ زوال پذیر ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کی سیاسی پیش قیاسی ہے اور اسے کسی نجومی کی پیش گوئی نہ سمجھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے طریقہ کار کا گہری نظر سے مطالعہ کرنے کے بعد انہوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ بی جے پی زیرقیادت ریاستی حکومت خود اپنی ہی کارستانیوں کے بوجھ تلے کسی بھی وقت منہدم ہوسکتی ہے اور کانگریس ۔ جے ڈی ایس باغی ارکان اسمبلی کے انحراف کے بعد 17 نشستوں کیلئے وسط مدتی انتخابات منعقد کروانے پڑیں گے چونکہ باغی ارکان کو انتخابات میں شرکت کا نااہل قرار دیا جارہا ہے ۔ وہ دوبارہ مقابلہ نہیں کرسکیں گے ۔ لازمی طور پر ہر پارٹی کو نیا امیدوار مقابلہ میں اتارنا پڑے گا ۔ کانگریس قائد سدارامیا نے پہلے ہی کہا تھا کہ موجودہ حکومت اتنی مدت تک برسراقتدار رہے گی جب تک کہ کانگریس ۔ جے ڈی ایس باغی ارکان اسمبلی اس کی تائید کریں گے۔