الیکشن کمیشن سے شکایت ، پارلیمانی انتخابات میں کانگریس کیلئے اچھے توقعات : سدا رامیا
گلبرگہ ۔30 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) چیف منسٹر کرناٹک مسٹر سدرامیا نے گلبرگہ کی ایک خانگی ہوٹل میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دس برسوں کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے بار بار جھوٹ بولتے ہوئے مارکیٹنک کی ہے ۔ وہ جھوٹ بولنے میں مصروف اور ماہر ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس کے خلاف ایک جھوٹا اشتہار شائع کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پارلیمانی انتخابات کے پیش نظرکرناٹک میں کانگریس حکومت نے مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہم نے اس جھوٹے اشتہار کی شکایت الیکشن کمیشن آف انڈیا سے کردی ہے ۔ چیف منسٹر سدرامیا نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں کے دوران مرکزی حکومت کی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے وزیر اعظم جہاں جہاں جارہے وہاں جھوٹ بولتے نظر آرہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ان کی ان سرگرمیوں کو دیکھ کر کرناٹک کے عوام نے پہلے مرحلہ کی رائے دہی میں بی جے پی کو مسترد کردیا ہے اور کانگریس کی زبردست حمایت کی ہے۔ سدرامیا نے کہا کہ کرناٹک میں مسلمانوں کوگزشتہ تیس برسوں سے ریزرویشن دیا جارہاے ہے اور اس ریزرویشن کو نکالنے کی سازش سابق چیف منسٹر بسواراج بومائی نے کی تھی لیکن مسلمانوں کو 4فی صد ریزرویشن دینے کو نکال دینے میں وہ ناکام ہوئے ۔سدرامیا نے کہا کہ ہم نے منگل سوتر اور ریزرویشن سے متعلق بیانات کے ضمن میں الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے ، اس ضمن میں ابھی تک کوئی کاروائی نہیں کی گئی ہے۔ کرناٹک میں پارلیمانی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کے امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ہم نے کرناٹک کے عوام کو جو پانچ ضمانتیں دی ہیں اور ان پر کامیابی کے ساتھ عمل پیرا بھی ہیں تو اس کے پیش نظر ریاست میں کانگریس کو پارلیمانی انتخابات کے بارے مین اچھی توقعات ہیں ۔ چیف منسٹر سدرامیا کی پریس کانفرینس میں ضلع انچارج وزیر گلبرگہ مسٹر پریانک کھرگے ، وزیر میڈیکل ایجوکیشن کرناٹک ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل ، کلیان کرناٹک ڈیولپمنٹ بورڈ کے صدر نشین و رکن اسمبلی جیورگی ڈاکٹر اجئے سنگھ اور رکن قانون ساز کونسل مسٹر تپنا کمکنورشریک تھے۔