کرناٹک سرحد کھولنے وجین کی مودی سے درخواست

   

تیرواننتھاپورم ۔28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کیرالہ کے وزیراعلی پنارائی وجین نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے لاک ڈاؤن کے پیش نظر کرناٹک کی سرحد سے متصل ریاستی شاہراہ سمیت مختلف راستوں پر لگی ناکہ بندی کو ہٹانے کے لئے وزیراعظم نریندرمودی سے مداخلت کا مطالبہ کیاہے ۔مسٹر وجین نے وزیراعظم کو جمعہ کی شام بھیجے گئے خط میں لکھا ہے کہ کرناٹک پولیس کے ذریعہ کیے گئے کچھ کاموں کی وجہ سے کیرالہ کو کرناٹک سے جوڑنے والے تھالاسیری-کرگ شاہراہ 30پر بریگیٹ لگ گیا ہے ۔کیرالہ میں ضروری سامان کی فراہمی کے لئے یہ شاہراہ اہم مانی جاتی ہے ۔انہوں نے لکھا،‘‘اس شاہراہ پر بیریگیٹ کی وجہ سے ریاست میں ضروری سامان کی فراہمی کے لئے گاڑیوں کو لمبی دوری طے کرنی پڑے گی جس سے لاک ڈاؤن کے دور میں لوگوں کے لئے مشکلیں اور بڑھ جائیں گی۔’’انہوں نے مزید لکھا،‘‘امید ہے کہ آپ مجھ سے اس بات پر متفق ہوں گے کہ اس بحران کی گھڑی میں ضروری سامان کی فراہمی کسی بھی وجہ سے رکنی نہیں چاہیئے ۔’’اس دوران ،جمعہ کی شام کو سرکاری سکریٹیریٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ،مسٹر وجین نے کرناٹک کی سرحد کے نزدیک مختلف مقامات پر سڑکوں کے بند ہونے پر اپنی فکر ظاہر کی تھی۔انہوں نے کہا کہ سرحدی گاؤں کے رہنے والے ضروری اشیا کے لئے کرناٹک پر منحصر ہیں اور اس کے ذریعہ راستے بند کئے جانے کی وجہ سے لوگوں کو سخت دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔یہ مرکزی حکومت کے فیصلے کے خلاف ہے ۔ہم اس مسئلے سے وزیراعظم کو مطلع کرائیں گے اور امید ہے کہ جلد ہی اس مسئلے کا حل نکلے گا۔