کرناٹک سلک انڈسٹریز کارپوریشن کے نامزد صدر کنیز فاطمہ کے اعزاز میں تہنیتی جلسہ

   

ریاستی وزراء کرناٹک ، ارکان اسمبلی ، کانگریسی عہدیداران ، عمائدین شہر کی شرکت

گلبرگہ۔10۔فبروری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رکن اسمبلی گلبرگہ محترمہ کنیز فاطمہ جو سابق وزیر کرناٹک الحاج قمر الا سلام مرحوم کی اہلیہ محترمہ ہیں انھیں حال ہی میں حکومت کرناٹک نے کرناٹک سلک انڈسٹریز کارپوریشن بنگلور کا صدر نشین نامزد کیا ہے ۔ واضح رہے کہ کنیز فاطمہ کو اس نئے عہدہ کے ساتھ کابینی درجہ بھی مل گیا ہے ۔وہ گلبرگہ کے رکن اسمبلی کی حیثیت سے کانگریس کے ٹکٹ پر دوبارہ منتخب ہوئی ہیں۔ انھوں نے دو تین دن قبل اپنے نئے عہدہ کا جائیزہ بھی لے لیا ہے ۔ ریاست کرناٹک میں ریشم کی پیدا وار اورصنعت نہ صرف ہندوستان میں بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی کافی شہرت رکھتی ہے۔ محترمہ کنیز فاطمہ کو کابینی درجہ کا یہ نیا عہدہ ملنے پر نہ صرف ضلع گلبرگہ بلکہ ساری ریاست کرناٹک کے کانگریسی عہدہ داران و کارکنان اور عام عوام میں مسرت کہ لہر دوڑ گئی ہے کیوں کہ محترمہ کنیز فاطمہ کرناٹک اور سارے ملک کے ممتاز عوام کانگریسی قائد سابق وزیر کرناٹک الحاج قمر الاسلام مرحوم کی اہلیہ محترمہ ہیںاور عوام الحاج قمر الاسلام کی خدمات کو آج بھی یاد کرتے ہیں ۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر ڈاکٹر ملیکارجن کھرگے کے فرزند شری پریانک کھرگے جو ضلع گلبرگہ کے انچارج وزیر بھی ہیں انھوں نے محترمہ کنیز فاطمہ کو نئی ْذمہ داری سے نوازے جانے پر انھیں مبارک باد دی اور کہا کہ کنیز فاطمہ گلبرگہ ضلع کی پہلی رکن اسمبلی ہیں جنھیں صدر نشین کرناٹک سلک انڈسٹریز کارپوریشن کے عہدہء صدارت پر نامزدگی کے ساتھ ساتھ انھیں کابینی درجہ بھی دیا گیا ہے۔ ان سے یہ توقع کی جارہی ہے کہ وہ کرناٹک کے مختلف اضلاع اور ملک کی دیگر ریاستوں میں ریشم کی صنعت کو فروغ دیں گی اور مارکیٹ میں کرناٹک کی ریشم والی صنعت کو بہتر سے بہتر مقام دلائیں گی ۔محترمہ کنیز فاطمہ نے کہا کہ وہ صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی ڈاکٹر ملیکارجن کھرگے،چیف منسٹر کرناٹک شری سدرمایا جی اور ڈپٹی چیف منسٹر شری ڈی کے شیو کمار کے بتائے ہوئے راستہ پر چلیں گی اور اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھائیں گی۔