15 کے منجملہ 12 نشستوں پر کامیابی، یدی یورپا حکومت کو راحت ، سدارامیا مستعفی
بنگلورو 9 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں حکمراں بی جے پی کو ضمنی انتخابات میں 15 سیٹوں میں سے 12 سیٹیں حاصل ہوچکی ہیں ۔ اس سے موجودہ کرناٹک کے چیف منسٹر یدی یورپا کی اقتدار پر گرفت مضبوط ہوہوچکی ہے۔ اسمبلی میں اکثریت کیلئے بی جے پی حکومت کو کم از کم 6 نشستوں پر کامیابی ضروری ہے۔ کانگریس جسے 2018 ء کے انتخابات میں ان 15 نشستوں میں سے 12 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی، اسے صرف پناسورو اور شیواجی نگر کے دو سیٹیں ہی حاصل ہوسکیں۔ جبکہ اس کی سابق حلیف جماعت جنتادل (سیکولر) جس نے 12 نشستوں پر مقابلہ کیا تھا، ان تمام 12 نشستوں پر اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ 2018 ء کے اسمبلی انتخابات میں اسے 15 نشستوں میں 3 نشستیں حاصل ہوئی تھیں۔ آزاد امیدوار شرت بجی گوڑہ جنھیں بی جے پی نے پارٹی سے خارج کردیا تھا، ہسکوٹے حلقہ میں انہوں نے کامیابی حاصل کی۔ کانگریس امیدوار جنھوں نے دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے ان میں شیواجی نگر امیدوار رضوان ارشد اور ہنسا سواد کے امیدوار ایچ پی منجو ناتھ شامل ہیں۔ بی جے پی کو 225 رکنی اسمبلی میں اکثریت حاصل کرنے میں اب سہولت ہوگئی۔ کرناٹک اسمبلی کے ارکان کی فی الحال تعداد 208 ہے جو بعض امیدواروں کو نااہل قرار دیئے جانے کے بعد 225 سے گھٹ کر 208 ہوگئی تھی۔ بی جے پی کے ارکان کی تعداد اب 105 ہے اور کانگریس کے ارکان کی تعداد 66 اور جے ڈی (ایس) کے ارکان کی تعداد 34 ہے۔ دریں اثناء کرناٹک کانگریس کے سینئر کانگریس قائد اور لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر اور سابق چیف منسٹر سدارامیا نے ضمنی اسمبلی انتخابات میں اپنی پارٹی کی خراب کارکردگی کے پیش نظر اس کی اخلاقی طور پر ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔