نئی دہلی :سپریم کورٹ نے کرناٹک میں مسلمانوں کیلئے چار فیصد ریزرویشن کو ہٹانے کے حکومت کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست پر سماعت 9 مئی تک ملتوی کر دی ہے۔ ساتھ ہی کرناٹک حکومت نے بھی سپریم کورٹ کو یقین دلایا ہے کہ حکومت کے نئے حکم کے مطابق 9 مئی تک کوئی نئی تقرری یا داخلہ نہیں کیا جائے گا۔کرناٹک حکومت نے حال ہی میں کرناٹک میں مسلمانوں کو دیئے گئے چار فیصد ریزرویشن کو ختم کرنے اور اسے لنگایت اور ووکلیگاوں میں دو دو فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حکومت کے اس فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کی گئیں۔ جن پر سماعت 13 اپریل کو ہونی تھی، لیکن ریاستی حکومت نے جواب داخل کرنے کے لیے عدالت سے وقت مانگا۔جس کے بعد جسٹس کے ایم جوزف اور جسٹس بی وی ناگرتنا کی بنچ نے کیس کی سماعت 25 اپریل تک ملتوی کر دی۔اس دوران حکومت نے یقین دلایا کہ ریزرویشن کے نئے نظام کے تحت کوئی نئی تقرری یا داخلہ نہیں ہوگا۔ اب ایک بار پھر اس معاملہ پر سماعت 9 مئی تک ملتوی کر دی گئی ہے۔سپریم کورٹ نے 13 اپریل کو سماعت کے دوران کہا تھا کہ مسلمانوں کیلئے ریزرویشن کو ختم کرنے کا فیصلہ ناقص معلوم ہوتا ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ 10 مئی کو ہونی ہے اور حکومت نے انتخابات کی تاریخوں کے اعلان سے چند دن قبل ہی مسلمانوں کے لیے ریزرویشن ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔