کرناٹک میں اذان کے خلاف ہندو تنظیموں کی مہم

   

اشتعال انگیزی پر تحمل کا مظاہرہ کرنے مسلمانوں سے علماء کی اپیل
بنگلورو : کرناٹک میں ہندو تنظیموں کی جانب سے ہفتہ سے اذان کے خلاف گھر گھر مہم چلانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ بنگلورو کے راجا جی نگر علاقے سے مہم کا آغاز کیا گیا ۔ سری رام سینا نے اس مہم کا اعلان کیا ہے ۔ ہندو تنظیموں نے مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کے لیے 9 مئی کا الٹی میٹم دیا ہے ۔ جس کے بعد انہوں نے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعہ ریاست کی تمام مندروں سے ہنومان چالیسہ بجانے کا بھی اعلان کیا ہے ۔ دوسری طرف مسلم علماء و قائدین نے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں ۔ کرناٹک کے امیر شرعیہ صغیر احمد سے مسلم قائدین اور علماء کے وفد نے بنگلور میں ملاقات کی ۔ وفد کے ارکان نے کہا کہ کرناٹک کے موجودہ حالات انتہائی قابل تشویش ہیں ۔ انہوں نے یہ اندیشہ ظاہر کیا کہ آنے والے دنوں میں فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات کو مزید ہوا دینے کی کوشش کی جائے گی ۔ عیدالفطر کے پیش نظر کسی بھی طرح کے فرقہ وارانہ ماحول کو خراب کرنے کو روکنے کے لیے انہوں نے مسجد کمیٹیوں کی جانب سے پولیس اسٹیشنوں میں تحریری درخواست دیتے ہوئے عید الفطرکے موقع پر مزید پولیس تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے ۔۔