کرناٹک میں اندرون 2 سال 16 ہزار کانسٹبلس کے تقررات ہوں گے

   

۔630 پولیس سب انسپکٹرس کی بھی بھرتی ہوگی، ریاستی وزیر داخلہ بسواراج بومائی کا اعلان
گلبرگہ۔ 25ستمبر : (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزیر داخلہ کرناٹک مسٹر بسوراج بومائی نے کہا ہے کہ آئندہ دو برسوں کے دوران ریاست میں 16ہزار پولیس کانسٹبلس اور 630پولیس سب انسپکٹرس کے تقررات کئے جائیں گے ۔ وزیر موصوف پیر کے دن پولیس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ناگن ہلی۔ گلبرگہ میں پی ایس آئیز اور آر ایس آئیز کی پاسنگ پریڈ سے خطاب کررہے تھے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ 6000پولیس کانسٹبلس کی بھرتی کی کاروائیاں جاری ہیں ۔ اس معاملہ میں ہائی کورٹ سے بھی توثیق حاصل ہوچکی ہے اور فائینانس کے محکمہ نے بھی اس کی توثیق کردی ہے۔انھوں نے کہا کہ آئیندہ بجٹ میں محکمہ پولیس کے لئے زیادہ فنڈس مختص کئے جائیں گے۔ پولیس اسٹاف کو ای لرننگ کا موقع فراہم کیا جائے گا اور سائیبر جرائم کی روک تھام کے لئے بھی پولیس عملہ کو تربیت دی جائے گی ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ پولیس عملہ کی تنخواہوں کے بارے میں حکومت اورادکر رپورٹ کی سفارشات کو رو بہ عمل لانے کے لئے پابند عہد ہے۔ انھوں نے کہا کہ پولیس کو کسی بھی تنائو کے بغیر خدمات انجام دینی چاہئے ۔ آئیدہ دو تا تین برسوں میں پولیس کے لئے مزید رہائشی کوارٹرس تعمیر کئے جائیں گے۔ ڈی جی پی ٹریننگ پدم کمار گرگ ، آئی جی پی ٹریننگ روی ایس اور دیگر پولیس عہدہ داران اس موقع پر موجود تھے ۔ 290پولیس سب انسپیکٹرس جنھوں نے فائونڈیشن کورس مکمل کرلیا ہے ، انھوں نے پریڈ میں حصہ لیا۔ ضلع منڈیا سے تعلق رکھنے والے ٹرینی راجیس ہنڈن ہلی جنھیں چمپئین شپ ملی ہے انھیں اس موقع پر آل رائونڈر ٹرافی سے نوازا گیا ۔