بنگلورو : کرناٹک حکومت نے جمعرات کو ریاست میں انفلوینزا اور شدید تنفسی امراض کے لازمی طور پر ٹسٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چین کے بشمول دنیاکے مختلف ممالک میں کورونا کیسیس میں اضافہ کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ۔ حکومت نے بند مقامات اور ایرکنڈیشن رومس میں چہرہ پر ماسک کو لازمی قرار دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔وزیر صحت ڈاکٹر کے سدھاکر نے بتایا کہ کرناٹک میں آنے والے انٹرنیشنل پاسنجرس کے ٹسٹ کروانے کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ ملک میں کورونا وائرس کے نئے ویئرینٹ بی ایف 7 کے 4 مریضوں کی تصدیق کے بعد تمام ریاستیں چوکسی اختیار کررہی ہیں اور ریاست میں کورونا کی وباء پر قابو پانے کیلئے مختلف احتیاطی اقدامات پر غور کیا جارہا ہے ۔