کرناٹک میں بارش ، تلنگانہ کے تمام ذخائر آب کی سطح میں اضافہ

,

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔/7 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کی پڑوسی ریاست کرناٹک کے سرحدی علاقوں میں جاری شدید بارش کے نتیجہ میں دریائے کرشنا کے پانی کے بہاؤ میں دوبارہ اچانک اضافہ ہوگیا۔ جس کی وجہ سے دریائے کرشنا پر پائے جانے والے مختلف پراجکٹس پانی سے پُر ہوکر لبریز دکھائی دے رہے ہیں اور ان لبریز ہوئے پراجکٹس کے بعد دریائے کرشنا کی نچلی سطح میں پائے جانے والے پراجکٹس میں پانی چھوڑے جانے کے پیش نظر یہ پراجکٹس بھی تقریباً پُر ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ریاست کرناٹک سے شروع ہونے والی دریائے کرشنا پر ریاست تلنگانہ تک جملہ چھ پراجکٹس پائے جارہے ہیں۔ جن میں الماٹی ڈیم، نارائن پور ڈیم، جورالا پراجکٹ، سری سیلم پراجکٹ، تنگھبدرا ڈیم اور ناگر جنا ساگر پراجکٹ شامل ہیں۔ الماٹی ڈیم کی مکمل سطح آب 1705 فیٹ ہے جس کے منجملہ فی الوقت مکمل سطح آب 1677.05 فیٹ سے زیادہ ہے۔ جس کی وجہ سے آئندہ دنوں کے دوران دوبارہ تیز بہاؤ سے پانی کی آمد کو پیش نظر رکھتے ہوئے فی الوقت زائد پانی کے بہاؤ کو خارج کردیا جارہا ہے۔ الماٹی ڈیم میں ذخیرہ آب کی جملہ گنجائش129.72 ٹی ایم سی رہنے پر موجودہ پانی کا ذخیرہ 99ٹی ایم سی پایا جاتا ہے۔ جبکہ الماٹی ڈیم میں پانی کی آمد ( اِن فلو ) 3,62,875 کیوسکس ہے لیکن پانی کے تیز بہاؤ کو دیکھتے ہوئے الماٹی ڈیم سے جملہ3,90,072 کیوسکس سے زائد پانی نچلی سطح کیلئے چھوڑ دیا جارہا ہے جبکہ دوسرا پراجکٹ نارائن پور ڈیم کی مکمل سطح آب 1615 فیٹ پائے جانے کے منجملہ فی الوقت نارائن پور ڈیم کی جملہ سطح آب1604.33 فیٹ بتائی جاتی ہے اور اس پراجکٹ میں پانی کی آمد ( اِن فلو ) 3,39,775 کیوسکس رہنے پر احتیاطی اقدامات کے تحت 3,7,577 کیوسکس پانی دوبارہ نچلی سطح کے لئے دریائے کرشنا میں چھوڑ دیا جارہا ہے۔ اسی طرح جورالا پراجکٹ کی جملہ سطح آب 1045 فیٹ رہنے کے منجملہ فی الوقت جورالا پراجکٹ کی مکمل سطح آب 1041.11 تیٹ تک پہنچ چکی ہے۔

اس پراجکٹ میں اوپری سطح سے پانی کا بہاؤ ( آمد ) 2,70,725 کیوسکس پائے جانے کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کے تحت فی الوقت جملہ 292,492 کیوسکس پانی خارج کردیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ سری سیلم پراجکٹ میں بھی دیگر آبگیر علاقوں سے آنے والے پانی کی وجہ سے پانی کے بہاؤ میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ اس پراجکٹ میں فی الوقت 2,41,945 کیوسک سے زائد پانی جمع ہورہا ہے۔ لیکن پراجکٹ کی سطح آب میں اضافہ کرنے کے مقصد سے آنے والے پانی ( ذخیرہ ہونے والے پانی ) کے مقابلہ میں صرف 82.925 کیوسکس پانی بھی پراجکٹ سے نچلی سطح کیلئے ندی میں چھوڑا جارہا ہے۔