کرناٹک میں باغی ارکان کو اُکسانے کی رپورٹ بکواس : سدارامیا

,

   

میڈیا کی غلط خبروں کے خلاف انتباہ، مجھ پر الزام بے بنیاد، کرناٹک کانگریس لیڈر کا بیان
بنگلورو 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کانگریس کے سینئر لیڈر و سابق چیف منسٹر سدارامیا نے اِن اطلاعات کو بکواس قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا کہ انھوں نے ایچ ڈی کمارا سوامی کی زیرقیادت مخلوط حکومت کو استعفے کے لئے مجبور کرنے اور اِسے غیر مستحکم کرنے کے لئے باغیوں کو اُکسایا تھا۔ اُنھوں نے میڈیا گھرانوں کو خبردار کیاکہ وہ اِس طرح کی جھوٹی خبریں نہ پھیلائیں۔ اگر میڈیا کے لوگ اِن کے لوگ یا اِن کے سامنے بار بار الزامات عائد کریں گے تو وہ منہ توڑ جواب دیں گے۔ اپنے سلسلہ وار ٹوئیٹ پیامات میں کرناٹک کانگریس کے طاقتور لیڈر سدارامیا نے کہاکہ باغی ارکان ہی ہیں جو مجھ پر الزامات لگانے کی کوشش کررہے ہیں۔ حقیقت تو یہ ہے کہ باغیوں نے اپنے مفادات کی خاطر دل بدلی کی ہے۔ وقت آنے پر سب کچھ واضح ہوجائے گا۔ میڈیا گھرانوں کی جانب سے رپورٹ دی جارہی ہے کہ چند باغی ارکان اسمبلی نے دعویٰ کیا ہے کہ میں نے حکومت کو غیر مستحکم کرنے اور استعفے کے لئے مجبور کرنے کے لئے باغیوں کو اُکسایا ہے۔ اِس الزام میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ یہ تمام الزامات بے بنیاد اور قصداً عائد کئے گئے ہیں۔ میں اِن الزامات کا منہ توڑ جواب دوں گا۔ باغی ارکان اسمبلی اپنے خلاف پیدا ہونے والی عوامی ناراضگیوں کے بعد مجھ پر الزام لگانے کی کوشش کررہے ہیں۔ عوام کے نزدیک اِن باغی ارکان کی کوئی حیثیت نہ رہی، وہ لوگ بے نقاب ہوچکے ہیں، یہ لوگ غداری کرچکے ہیں۔ اب یہ لوگ عوام اور پارٹی کے سامنے بے نقاب ہوگئے ہیں۔ باغی ارکان اسمبلی نے پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔ جب دھول چھٹ جائے گا تو ہر چیز صاف ہوجائے گی۔ اُنھوں نے اپنے دورۂ چیف منسٹری کو یاد کرتے ہوئے کہاکہ اِن کے خلاف کئی بے بنیاد الزامات عائد کئے جاتے رہے ہیں لیکن میں نے ایک نیک مقصد کے تحت عوام کی خدمت کی ہے۔ وقت ہی بتائے گا کہ جھوٹا کون ہے اور سچا کون ہے۔