کرناٹک میں بڑھتی ’مذہبی تقسیم‘ کو ختم کرنے چیف منسٹر سے کرن مجمدارکا مطالبہ

   

بنگلورو:کرناٹک میں ہندو تنظیموں نے مندر احاطہ اور مذہبی میلوں کے اندر حلال گوشت اور مسلم کاروباریوں کے کاروبار کا بائیکاٹ کرنے کی اپنی سرگرمی کو تیز کر دیا ہے۔ اس درمیان بایوکون کی چیف کرن مجومدار شا نے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی سے اس بڑھتی مذہبی تقسیم کو حل کرنے کی گزارش کی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ ’’اگر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کاروبار تبدیلی (آئی ٹی۔بی ٹی) ہی فرقہ پرست ہو جائے گا تو یہ ہماری عالمی قیادت کو تباہ کر دے گا۔ کرناٹک نے ہمیشہ ہی اجماعی ترقی کی ہے اور ہمیں اس طرح کے فرقہ وارانہ بائیکاٹ کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔‘‘صنعت کار کرن مجومدار شا نے فرقہ وارانہ خیرسگالی بنائے رکھنے اور بائیکاٹ جیسے اقدام سے بچنے کو لے کر ایسے وقت پر متنبہ کیا ہے جب بنگلورو میں ہندو گروپوں کے ذریعہ مسلم کاروباریوں پر پابندی لگانے کی اپیل کی جا رہی ہے۔