بنگلورو 19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے ضلع ٹمکور کے علاقہ کونیگل میں آج صبح کی اولین ساعتوں کے دوران ریاستی بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی سی ٹی روی کی کار نے دو افراد کو روند دیا۔ اس واقعہ میں دیگر تین افراد بھی زخمی ہوگئے۔ متاثرین جو دو گاڑیوں میں وہاں پہونچے تھے اور سڑک کے کنارے کھڑے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ زخمیوں کو دواخانہ منتقل کردیا گیا ہے۔ روی اپنے گن مین کے ساتھ چکمگلور سے چینائی روانہ ہورہے تھے اور اپنی کار میں محو خواب تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایر بیاگ کھلتے ہی میں نے محسوس کیاکہ شائد کچھ ہوا ہے اور مَیں فوراً باہر نکل گیا۔ اُس وقت تک مجھے کچھ معلوم نہیں ہوسکا تھا‘۔ اس حادثہ میں رکن اسمبلی بھی معمولی طور پر زخمی ہوئے اور سینہ میں درد کی شکایت کی۔ روی نے کہاکہ اُنھیں بتایا گیا کہ دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اُنھوں نے فی الفور ایمبولنس طلب کی اور زخمیوں کو بنگلورو کے ایک خانگی ہاسپٹل کو منتقل کردیا گیا جہاں وہ زیرعلاج ہیں۔ روی نے کہاکہ ’مَیں (متاثرہ خاندانوں کا) درد سمجھ سکتا ہوں۔ یہ ایک ایسا واقعہ ہے جس کو کوئی بھی پسند نہیں کرتا‘۔ ریاستی بی جے پی نے کہاکہ روی یہ کار نہیں چلارہے تھے اور وہ شراب نوشی نہیں کرتے۔ اُن کے سینہ میں ہنوز تکلیف ہے اور وہ آرام کررہے ہیں۔