نظام آباد میں کانگریس کارکنوں کا زبردست جشن‘ سابق میئر ڈی سنجئے کا خطاب
نظام آباد۔ 14؍مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ریاست کرناٹک کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی تاریخ ساز کامیابی پر نظام آباد شہر میں سینئرکانگریس لیڈر و سابقہ فرسٹ مئیر ڈی سنجے کی جانب سے انکی قیام گاہ پر سینکڑوں کانگریس پارٹی قائدین و یوتھ کانگریس کے نوجوانوں کے ہمراہ جشن منایا اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔ بعد ازاں ڈی سنجے کی قیادت میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں کانگریس پارٹی قائدین و یوتھ کانگریس کے نوجوان شامل تھے۔اپنی قیام گاہ سے ڈھول اور باجے کے ساتھ کانگریس پارٹی ریلی کے ذریعے ڈی سنجے نے ونائیک نگر حیدرآباد روڈ راجیو گاندھی چورا پر پہنچ کر راجیو گاندھی مجسمے پر پھول مالا چڑھاکر خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں ڈی سنجے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرناٹک میں کانگریس پارٹی کی تاریخ ساز کامیابی پر کرناٹک کے تمام طبقات کی عوام اور ووٹرس کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کرناٹک انتخابات کے دوران وزیراعظم نریندرمودی، وزیر داخلہ امیت شاہ و دیگر بی جے پی قائدین نے دونوں طبقات کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی ہر ممکنہ طور پر کوشش کی اور آپنے اشتعال انگیز بیانات سے کرناٹک کے ماحول کو بگاڑ کر انتخابات میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے تھے، لیکن کرناٹک کے تمام طبقات کی عوام اور ووٹرس نے بی جے پی کے فرقہ پرست ایجنڈے کو مسترد کرتے ہوئے اپنے قومی اتحاد و سیکولرازم کی عمدہ مثال پیش کرتے ہوئے اشتعال انگیز بیانات کے بجائے کانگریس پارٹی کے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دیتے ہوئے کانگریس پارٹی کو تاریخ ساز کامیابی سے ہمکنار کیا۔ ڈی سنجے نے پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک میں کانگریس پارٹی کی تاریخ ساز کامیابی کے بعد آنے والے چند ماہ میں تلنگانہ ریاستی انتخابات منعقد ہوسکتے ہیں جس میں یقینی طور پر کانگریس پارٹی کامیابی حاصل کرنے جارہی ہیں۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی ریلی میں ڈی سنجے کے ہمراہ محمد ربانی نظام آباد کانگریس ڈیلیکٹ، کانگریس پارٹی قائد شیخ جعفر، عبدالقیوم قلعہ، سید شکیل، ایم ڈی عظیم، سید بھائی، ایم ڈی شفیع، پرمود، عفان بن عبداللہ، سید اطہر علی، شیخ میران، شیخ ولی، ارجن سنگھ، ساگر، وینکٹ، ہاکی سینوں کے علاوہ سینکڑوں کانگریس پارٹی قائدین و یوتھ لیڈران موجود تھے۔