عیدگاہ اجالے شاہ میں قنوت نازلہ کا اہتمام، انوار العلوم کالج و یونانی طبی کالج میں دھرنا
حیدرآباد : /9 فبروری (سیاست نیوز) کرناٹک میں تعلیمی اداروں
میں حجاب پر پابندی کے خلاف شہر حیدرآباد میں بڑے پیمانے پر احتجاج منعقد کیا گیا ۔ سعیدآباد کے خواتین نے حضرت اجالے شاہؒ عیدگاہ میدان میں احتجاج منعقد کیا اور قنوت نازلہ کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ سینکڑوں کی تعداد میں خواتین اجالے شاہ عیدگاہ گراؤنڈ میں آج عصر کے وقت جمع ہوئے اور دعا کے بعد احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے ۔ اس دوران احتجاج کرنے والی خواتین نے کرناٹک حکومت کی جانب سے حجاب پر لگائی گئی پابندی کو کھلا تعصب قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبہ بند طریقہ سے فرقہ پرست طاقتیں ہندو راشٹر بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ خواتین نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان کے مسلمانوں کے حوصلے ابھی پست نہیں ہوئے ہیں اور ان حرکتوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔ حالانکہ ہندوستان میں خواتین کو لباس کے معاملہ میں آزادی ہے لیکن حجاب کے معاملہ میں دانستہ طور پر اسے فرقہ وارانہ رنگ دیا جارہا ہے ۔ اس احتجاج میں خواتین کے علاوہ اطراف و اکناف کے کالجس کی طالبات اور کمسن بچیاں بھی شامل تھیں ۔ اس احتجاج کے پیش نظر سعیدآباد پولیس کی جانب سے علاقہ میں سکیوریٹی کے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے ۔ احتجاجی خواتین نے بیانرس کے ذریعہ اپنا احتجاج درج کروایا اور کرناٹک حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی ۔ اسی طرح نظامیہ یونانی طبی کالج کی طالبات نے بھی آج کرناٹک میں حجاب پر پابندی پر احتجاج کیا اور حکومت کے اس موقف کو فوری بدلنے کا مطالبہ کیا ۔ احتجاج کرنے والی طالبات ہاتھوں میں ہندوستانی پرچم تھامے ہوئے تھے اور پلے کارڈز پر یہ تحریر کیا کہ حجاب ہمارا حق ہے ۔ احاطہ طبی کالج میں منعقدکئے گئے اس احتجاج میں سینکڑوں طالبات شامل ہوئے اور اپنا احتجاج درج کروایا ۔ اسی طرح انوارالعلوم ڈگری کالج واقع ملے پلی میں بھی اس قسم کا احتجاج منعقد کیا گیا جس میں طلبہ نے زبردست احتجاج کیا ۔ احاطہ کالج میں احتجاج کرنے پر حبیب نگر پولیس کی ٹیم وہاں پہنچ گئی اور اس احتجاج کو کالج تک ہی محدود رکھ کردیا ۔