کرناٹک میں دہشت گرد حملوں کی انٹلیجنس رپورٹ پر سخت چوکسی

   

ریاست کے تمام شہروں میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم ، منگلورو میں آٹھ رکنی مشتبہ ٹولی گرفتار، 2 پستول اور کارتوس کی ضبطی کا دعویٰ

بنگلور ۔ /17 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے مختلف شہروں اور بڑے ٹاؤنس میں دہشت گرد حملوں کے اندیشوں سے متعلق انٹلیجنس اطلاعات موصول ہونے کے بعد ریاست بھر میں سخت ترین سکیورٹی چوکسی اختیار کرلی گئی ۔ ریاست کے تمام اہم مقامات پر جگہ جگہ بھاری پولیس جمعیت تعینات کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر مٹل ڈیٹکٹرس اور اسنیفر ڈاگ اسکواڈ کی مدد سے تلاشی مہم شروع کردی گئی ۔ پولیس ذرائع نے کہا کہ جمعہ کی شب الرٹ نوٹس جاری کرتے ہوئے ریاستی پولیس فورسیس کو ممکنہ حد تک مکمل چوکسی اختیار کرنے اور انٹلیجنس اطلاعات ملنے کے بعد تمام مقامات پر پہونچانے کی ہدایت کی گئی تھی ۔ تمام اہم تنصیبات ، بس اسٹینڈس ، ریلوے اسٹیشن ، ایرپورٹس ، عبادت گاہوں ، بازاروں جیسے عوامی مقامات اور سرکاری دفاتر پر سکیورٹی فورسیس کی تعیناتی کے ساتھ سخت ترین چوکسی اختیار کرلی گئی تھی۔ معتبر ذرائع سے کی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ دہشت گردوں کا ایک گروپ ملک میں دہشت و سنسنی پھیلانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے ۔ پولیس نے کہا ہے کہ بنگلورو میں سب سے زیادہ چوکسی اختیار کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں ہبلی، دھارواڑ ، کلاہبرگی ، رائچور ، چترادرگا ، منگلورو ، داوانگیری ، اڈوپی ، منیسورو اور ٹمٹکورو میں سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ جہاں پولیس اہلکاروں کو مختلف ریلوے اسٹیشنوں ، بس ڈپوز وغیرہ پر مسافرین کی تلاش لیتے ہوئے دیکھا گیا ۔ ریاست کے اہم مندروں میں کئی پرتوں پر مشتمل سکیورٹی دیکھی گئی۔ پولیس نے کہا کہ منگلورو میں آٹھ رکنی ٹولی کو گرفتار کیا گیا۔ یہ گینگسٹرس ایک قیمتی اسپورٹس کار میں گھوم رہے تھے ۔ وہ چند دن سے شہر کی ہوٹل میں مقیم تھے ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے دو پستول اور آٹھ کارتوس ضبط کرلیا ہے ۔