کرناٹک میں سرکاری دفاترمیں فوٹو اور ویڈیو گرافی پر عائد پابندی ختم

   

بنگلورو ۔ کرناٹک میں حکمراں جماعت بی جے پی نے سرکاری دفاتر کے اندر یا آس پاس فوٹو گرافی اور ویڈیو گرافی پر عائد پابندیاں ختم کردیں۔ یاد رہے کہ حکومت کے اس فیصلہ پر عوام کے مختلف گوشوں سے سخت تنقید کی گئی تھی۔ دریں اثناء ڈپارٹمنٹ آف پرسونل اینڈ ایڈمنسٹریشن ریفارمس کے ڈپٹی سکریٹری آنند کے نے حکومت کے اس فیصلہ سے متعلق معلومات فراہم کیں حالانکہ جمعہ کے روزہی مذکورہ بالا پابندی کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن اس فیصلہ کو تنقیدوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ خاص طور پر سوشل میڈیا میں اس فیصلہ کے خلاف ایک تحریک چل پڑی جہاں حکومت کو یہ کہہ کر تنقیدوں کا نشانہ بنایا گیا کہ اس طرح حکومت ان بدعنوان ملازمین کی حوصلہ افزائی کررہی ہے جو بدعنوانیوں میں ملوث ہیں۔ فوٹو گرافی اور ویڈیو گرافی پر اگر پابندی عائد کی گئی تو بدعنوان ملازمین کے حوصلے مزید بلند ہو جائیں گے۔