کرناٹک میں سرکاری ملازمین کی آج سے ہڑتال

   

بنگلورو: کرناٹک میں رواں سال اسمبلی الیکشن ہونے والا ہے اور ان حالات میں بسوا راج ہوتی زیر قیادت بی جے پی حکومت کو نہ صرف اپوزیشن بلکہ سرکاری ملازمین سے بھی پریشانی کا سامنا ہورہا ہے۔ سرکاری ملازمین نے مختلف مطالبات کی تکمیل چاہتے ہوئے چہار شنبہ یکم مارچ سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر ہوتی فوری حرکت میں آگئے ہیں اور وہ کسی طرح ہڑتال کو ٹالنا چاہتے ہیں۔ اُنھوں نے آج یو نین قائدین سے رابطہ قائم کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی نظم ونسق ساتویں پے کمیشن کی عبوری رپورٹ پر فوری عمل کرنے کے لئے تیار ہے۔ اُنھوں نے دیگر مطالبات کی تکمیل کے تعلق سے تیقن بھی دیا۔ اولڈ پینشن اسکیم کی بحالی بھی ایمپلائز اسوسی ایشن کے اہم مطالبات میں شامل ہے۔