کرناٹک میں فرقہ پرستی پر سیکولرازم کی فتح

   

محبوب نگر میں کانگریس قائدین کا جشن، مدھو سدن ریڈی، عبید اللہ کوتوال کا خطاب
محبوب نگر۔/13 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کرناٹک اسمبلی انتخابات کے نتائج میں کانگریس کی شاندار کامیابی پر مستقر محبوب نگر پر کانگریس قائدین و کارکنوں نے زبردست جشن منایا۔ آج دوپہر جیسے ہی کرناٹک اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان شرع ہوا، ا س سے قبل ہی ووٹوں کی گنتی کے دوران کانگریس کی ناقابل شکست سبقت کے ساتھ ہی محبوب نگر کانگریس قائدین نے ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے مستقر کے اہم چوراہوں پر آتشبازی کی اور مٹھائی تقسیم کی۔ ضلع کانگریس کے دفتر میں زبردست جشن کے مناظر دیکھے گئے۔ جہاں کانگریس قائدین اور کارکن بڑی تعداد میں جمع تھے۔ اس موقع پر صدر ضلع کانگریس جی مدھو سدن ریڈی اور ریاستی کانگریس کے نائب صدر عبیداللہ کوتوال نے کرناٹک میں کانگریس کی جیت کو نفرت پر محبت کی جیت اور فرقہ پرستی پر سیکولرازم کی فتح قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام اب سمجھ چکے ہیں کہ کونسی جماعت عوام کی فلاح کیلئے اقدامات کرسکتی ہے۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ آئندہ ہونے والے لوک سبھا اور اسمبلیوں کے انتخابات میں بھی پارٹی یہ مظاہرہ دہرائے گی اور اقتدار پر آئے گی۔ اس موقع پر کانگریس سینئر قائدین ونود کمار، پردیپ کمار گوڑ، وسنتا، لکشمن یادو، سراج قادری، چندرا کمار گوڑ، بنہر، محمد طاہر ، پیر محمد صادق و دیگر قائدین و کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔