کرناٹک میں مالس ، تھیٹرس اور تعلیمی ادارے ایک ہفتہ کیلئے بند

,

   

حکومت کا فیصلہ، کورونا وائرس سے بچنے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل
بنگلورو۔ 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک حکومت نے بھی کورونا وائرس کی وباء سے عوام کو بچانے کیلئے ایمرجنسی اقدامات کا فیصلہ کیا اور شاپنگ مالس، تھیٹرس کے علاوہ تمام تعلیمی اداروں اور تجارتی اداروں کو ایک ہفتہ تک بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس پر ہفتہ 14 مارچ سے عمل ہوگا۔ چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا نے کل تمام محکموں کے صدور کے ساتھ ایک اجلاس میں تبادلہ خیال کے بعد یہ اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ احتیاطی اقدامات کے طور پر ایسے مقامات کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں بھیڑ اور ہجوم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوئی بھی خطرہ یا جوکھم مول لینا نہیں چاہتی اور کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے تمام احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حکومت کے احکامات کا شاپنگ مالس، تھیٹرس، پبس، کالجس، اسکولس، شادی خانوں، اسپورٹس کے مقامات اور دیگر اداروں پر اطلاق ہوگا جہاں بڑی تعداد میں لوگ ایک دوسرے سے رابطہ میں آتے ہیں۔ اس طرح اسکولس، کالجس اور یونیورسٹیوں کو بھی ایک ہفتہ کیلئے بند رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے عوام کو یہ تیقن دینے کی کوشش کی ہے کہ یہ اقدامات ان ہی کی سیفٹی کیلئے کئے جارہے ہیں جن پر ایک ہفتہ بعد نظرثانی کی جائے گی۔ اگرچہ تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے لیکن ڈائریکٹر پری یونیورسٹی ایجوکیشن نے کہا کہ پی یو سی امتحانات شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے جبکہ ایس ایس ایل سی امتحانات بھی پروگرام کے مطابق 27 مارچ سے منعقد ہوں گے۔ بینکس، اے ٹی ایمس، سرکاری دفاتر، ہاسپٹلس، چھوٹی دوکانیں، ریسٹورنٹس وغیرہ عوام کیلئے کھلے رہیں گے۔ چیف منسٹر نے عوام سے احتیاط برتنے اور گھروں پر ہی رہنے کو ترجیح دینے کی اپیل کی ہے۔