بنگلورو:ریاستی حکومت کے شکتی پروجیکٹ کے آغاز کے اگلے ہی دن پورے ضلع میں خواتین کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔ریاستی روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں میں خواتین کے لیے مفت سفر کی سہولت کے پہلے دن ہی بسوں میں خواتین مسافروں کی تعداد زیادہ دیکھی جا رہی ہے۔ کلیان کرناٹک روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے بیدر ڈویژن کے تحت تمام بسوں میں خواتین مسافروں کی تعداد میں اصافہ دیکھا گیا۔ بیدر ڈویژن سے روزانہ 430 بسیں ضلع کے تمام تعلقہ مراکز، گاؤں اور بین اضلاع کے لیے چلتی ہیں۔خواتین نے حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کے اس منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ تمام بسوں میں خواتین نے بڑی تعداد میں سفر کر رہی ہیں مسافروں کی تعداد بڑھنے سے ضلع میں 50 اضافی بسیں چلائی گئی ہیں۔ ٹرانسپورٹ ایجنسی کے عہدیداروں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں مزید اضافی بسوں کی ضرورت پڑسکتی ہے۔