کرناٹک میں نئے اسپیکر اسمبلی کا کل انتخاب

   

بنگلورو 29 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک اسمبلی میں نئے اسپیکر کا چہارشنبہ کو انتخاب عمل میں لایا جائیگا ۔ ایک بیان میں ریاستی اسمبلی سکریٹری ایم کے وشالاکشی نے کہا کہ اسپیکر کا انتخاب چہارشنبہ کو ہوگا ۔ انہوں نے ارکان سے اپنے پرچہ نامزدگی تجویز کنندہ کے مکتوب کے ساتھ منگل کی دو پہر تک داخل کریں۔ بی جے پی حلقوں میں اس عہدہ کیلئے کچھ نام زیر گشت ہیں لیکن پارٹی نے ابھی باضابطہ طور پر کسی کے انتخاب کا اشارہ نہیں دیا ہے ۔ ریاست کے سابق اسپیکر مسٹر کے آر سریش کمار نے ریاستی اسمبلی میں بی جے پی کی ایڈورپا حکومت کے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلینے کے بعد اسپیکر کے عہدہ سے استعفی پیش کردیا تھا ۔ بی جے پی نے سریش کمار پر استعفی کیلئے دبا و ڈالا تھا ۔ یہ اشارے دیدئے گئے تھے کہ اگر مسٹر سریش کمار اس عہدہ سے استعفی پیش نہیں کرینگے تو ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی ۔ اسپیکر نے اپنے استعفے سے قبل ریاست میں کانگریس اور جے ڈی ایس کے باغی ارکان اسمبلی کو نا اہل قرار دیدیا تھا ۔ یہ ارکان اسمبلی کی رکنیت سے استعفے کے فیصلے پر اٹل تھے ۔