کرناٹک میں پلاسٹک کی بوتلوں پر پابندی‘حکومت کا فیصلہ

   

نندنی ڈیری مصنوعات کے استعمال کو فروغ دینے پر بھی زور : چیف منسٹر
بنگلورو۔یکم ؍ نومبر ( ایجنسیز ) کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ماحولیات کے تحفظ کیلئے ایک بڑا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر نے ریاست کے تمام سرکاری دفاتر کو سرکاری پروگراموں میں پلاسٹک کی بوتلوں پر پابندی لگانے اور ان کی جگہ پائیدار اور ماحول دوست متبادل لانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پر فوری اثر کے ساتھ سختی سے عمل کیا جائے۔اطلاع کے مطابق کرناٹک حکومت نے یہ حکم 28 اکتوبر کو جاری کیا تھا جسے جمعہ 31 اکتوبر 2025 کو عام کیا گیا تھا۔ چیف منسٹر سدارامیا نے سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ چونکہ ریاست میں پلاسٹک کی بوتلوں پر پابندی لگائی گئی ہے اس لیے اسے سختی سے نافذ کیا جانا چاہیے۔قابل ذکر ہے کہ پلاسٹک کی بوتلوں پر پابندی کا دائرہ سرکاری دفاتر اور سرکاری تقریبات تک ہی محدود ہے تاحال ریاستی حکومت کے اس فیصلے کو عوامی سطح پر نافذ نہیں کیا گیا ہے۔سدارامیا نے سرکاری دفاتر اور پروگراموں میں نندنی ڈیری مصنوعات کے استعمال کو فروغ دینے پر بھی زور دیا ہے۔ نندنی ڈیری کرناٹک مِلک فیڈریشن کے ذریعہ چلائی جاتی ہے اور اسے فخر کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اب سے تمام سرکاری پروگراموں میں صرف نندنی ڈیری مصنوعات جیسے چائے، کافی، دودھ اور دیگر اشیاء استعمال کی جائیں گی۔ اس فیصلے کو نافذ کرنے کے پیچھے حکومت کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنا اور ریاست میں بنی مصنوعات کو مناسب مقام اور پہچان دینا ہے۔ حکومت نے تمام محکموں پر زور دیا ہے کہ وہ اس حکم پر سختی سے عمل کریں۔