بنگلور: حکومت کرناٹک نے کووڈ-19 کی دوسری لہر کی وجہ سے ریاست میں پری یونیورسٹی (پی یو سی) کے سال دوم کا امتحان نہیں لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔پرائمری اور ہائیر ایجوکیشن کے وزیر ایس سریش کمار نے جمعہ کے روز صحافیوں سے بات چیت کے دوران اعلان کیا کہ تمام طلبہ کو پاس کردیا جائے گا اور پی یو سی فرسٹ ایئر امتحان کے نتائج کی بنیاد پر گریڈ دیئے جائیں گے ۔مرکزی حکومت نے پہلے ہی ملک میں کووڈ-19 کے بحران کی وجہ سے سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کے 12 ویں کے امتحانات کو منسوخ کردیا ہے ۔ مرکزی حکومت کے اس فیصلے کے بعد، آٹھ سے زیادہ ریاستوں نے ریاستی بورڈ کے امتحانات بھی منسوخ کردیئے ہیں۔مسٹرسریش کمار نے کہا کہ “ایس ایس ایل سی کے امتحانات جولائی کے تیسرے ہفتے میں ہوں گے ۔ جس میں صرف دو امتحان ہوں گے ۔ ایک زبان اور دوسرا سائنس، ریاضی اور سوشل سائنس کا، جس میں متعدد اختیارات والے مضوعاتی سوالات پوچھے جائیں گے ۔ صرف 12 سے 14 طلبہ کو ایک امتحان ہال میں جانے کی اجازت ہوگی اور صرف وہ اساتذہ جنہیں کورونا ویکسین دی گئي ہے نگراں کے طورپر مقرر کیے جائیں گے ۔