کرناٹک میں کانگریس حکومت گر سکتی ہے : اپوزیشن

   

بنگلورو : کرناٹک اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آر اشوک نے کہا کہ ریاستی کانگریس حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے اور حکومت کسی بھی وقت گر سکتی ہے ۔ اشوک کے مطابق ریاستی حکومت کے گرنے کی بڑی وجہ کانگریس پارٹی کا اندرونی عدم اطمینان ہے ۔ مہاراشٹر اور مدھیہ پردیش میں سیاسی پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے ممتاز بی جے پی لیڈر نے کہا کہ حکومتوں کو گرانا واقعی ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اراکین اسمبلی کے مبینہ طور پر بی جے پی کے ساتھ رابطے میں ہونے کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ سیاسی وفاداریوں میں ممکنہ تبدیلی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کے خاتمہ کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے ۔ اپوزیشن لیڈر نے کانگریس حکومت پر کئی الزامات لگائے ، بشمول نائب وزیر اعلیٰ اور پردیش کانگریس کمیٹی (کے پی سی سی) کے صدر ڈی کے شیوکمار کے دعوے بھی شامل ہیں کہ حکومت کا مستقبل لوک سبھا انتخابات کے نتائج پر منحصر ہوگا۔ اس دوران انہوں نے ترقیاتی فنڈز کی کمی، خشک سالی کے امدادی فنڈز کی تقسیم اور مختلف شعبوں کی واجب الادا ادائیگیوں جیسے اہم مسائل کو حل کرنے میں حکومت کی ناکامی کا ذکر کیا۔مزید برآں، اشوک نے آنگن واڑیوں میں بچوں کو فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار پر تشویش کا اظہار کیا اور ایمبولینس ڈرائیوروں کو تنخواہ جیسی ضروری خدمات کی ادائیگی میں تاخیر پر ریاستی حکومت کی تنقید کی۔
انہوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ پسماندہ طبقات کے لیے مختص رقوم واپس لیکر ان کی فلاح و بہبود کو نظر انداز کر رہی ہے ۔