کرناٹک میں کانگریس رکن اسمبلی کا استعفیٰ، کانگریس اتحاد کو دھکا

   

بنگلورو، یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں وجئے نگر سے کانگریس ممبر اسمبلی آنند سنگھ نے پیر کے روز اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ اسے 13 ماہ پرانی جنتا دل (سیکولر) ۔ کانگریس اتحادی حکومت کے لئے بڑا دھچکا مانا جا رہا ہے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مسٹر سنگھ نے اسمبلی اسپیکر رمیش کمار کو اپنا استعفی سونپ دیا۔ کرناٹک کے سیاسی بحران مزید تیز ہونے کے آثار نظر آ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کانگریس اور جنتا دل (ایس) کے کچھ اور ممبران اسمبلی استعفی دے سکتے ہیں۔ اس سے ریاست کی ایچ ڈی کمارسوامي قیادت والی جنتا دل ایس ۔کانگریس حکومت کی پریشانیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ گزشتہ ماہ کرناٹک جنتا دل (ایس) کے سربراہ ایچ وشوناتھ نے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی شکست کی اخلاقی ذمہ داری لیتے ہوئے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر وشوناتھ نظرانداز کئے جانے اور پارٹی کے اہم فیصلوں میں اعتماد میں نہ لئے جانے کے سلسلے میں مبینہ طور پر خوش نہیں تھے ۔ وہ مخلوط حکومت کے کام کاج کے بارے میں بھی کانگریس کے سینئر لیڈر سدا رمیا سے شاہراہ عام پر الجھ گئے تھے ۔ لوک سبھا انتخابات میں کرناٹک میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی کارکردگی کافی اچھی رہی۔ پارٹی کو 28 میں سے 25 سیٹیں ملیں۔
حکمران جنتا دل (ایس) اور کانگریس کے کھاتے میں صرف ایک ایک سیٹ گئی تھیں۔