کرناٹک میں کانگریس کو اکثریت ملے گی : اوپنین پول

   

115 تا 127 نشستیں ملنے کا امکان ، بی جے پی کا خراب مظاہرہ
نئی دہلی : کرناٹک میں اے بی پی ۔ سی ووٹر کے منعقدہ خصوصی اوپنین پول میں انکشاف ہوا ہے کہ کانگریس کو ممکنہ طور پر 224 نشستی کرناٹک اسمبلی میں اکثریت حاصل ہوگی ۔ یہ پول حالیہ دنوں میں منعقد کیا گیا ۔ ریاست میں اسمبلی چناؤ کا الیکشن کمیشن نے آج ہی اعلان کیا ہے جس کے مطابق /10 مئی کو پولنگ ہوگی اور /13 مئی کو نتائج جاری کئے جائیں گے ۔ سروے کے تجزیہ کے مطابق کانگریس کو ملنے والے ووٹ کا تناسب 2018 ء کے 38 فیصد سے بڑھ کر اس مرتبہ 41.1 فیصد ہوسکتا ہے ۔ 2018 ء میں پارٹی کو 80 نشستیں حاصل ہوئی تھیں اور اب اے بی پی ۔ سی ووٹر سروے نے کانگریس کیلئے 115 اور 127 نشستوں کے درمیان کا عدد بتایا ہے ۔ سروے سے یہ انکشاف بھی ہوا کہ کانگریس کو کرناٹک کے تمام خطوں میں اپنے حریفوں بی جے پی اور جے ڈی (ایس) پر برتری حاصل ہے ۔ حتی کہ قدیم میسور خطہ میں بھی جو جے ڈی ایس کا گڑھ رہا ہے ، کانگریس کو اس بار برتری معلوم ہورہی ہے ۔ بی جے پی اس خطہ میں کافی خراب مظاہرہ کرے گی ۔ اگر اے بی پی ۔ سی ووٹر پول کے عدد و شمار درست ثابت ہوتے ہیں تو کانگریس کرناٹک میں اپنے بل بوتے پر حکومت تشکیل دے گی ۔