کرناٹک میں کھیتوں سے ٹماٹر کی چوری کا سلسلہ جاری

   

پریشان حال کسان پورے خاندان کیساتھ دن رات کھیت میں گشت لگانے مجبور

بنگلورو:ٹماٹر کی قیمت اس وقت آسمان چھو رہی ہے۔ باورچی خانہ میں اس کا استعمال کم سے کم کر دیا گیا ہے اور سبزی فروشوں کے پاس بھی کم مقدار میں ہی ٹماٹر دکھائی پڑ رہے ہیں۔ اس درمیان کرناٹک میں کھیتوں سے ٹماٹر چوری ہونے کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں جس سے کسان طبقہ فکر مند ہے۔ ٹماٹر کی بڑھی ہوئی قیمت کی وجہ سے چوروں کی نظر بھی اس کی طرف پڑ گئی ہے اور ٹماٹر چوری کے معاملے گزشتہ کچھ دنوں میں بڑھ گئے ہیں۔ کرناٹک میںکھیتوں سے بار بار ٹماٹر چوری ہونے کے بعد کسان اب پورے کنبہ کے ساتھ تیار ٹماٹر کی فصل کی نگرانی میں لگ گئے ہیں۔بتایا جا رہا ہے کہ کچھ کھیتوں میں خواتین سمیت پورا کسان خاندان ہاتھوں میں لاٹھی لے رکھوالی کرتا ہے تاکہ فصل کو بدمعاشوں سے بچایا جا سکے۔ گزشتہ ہفتہ ڈوڈابلاپورہ تعلقہ کے لکشمی دیوی پورہ گاؤں میں جگدیش اور ششی کلا (میاں بیوی) کے کھیت کو بدمعاشوں نے دو بار نشانہ بنایا۔ چوروں کے ہاتھوں انھیں ڈیڑھ لاکھ روپے کے ٹماٹر کا نقصان ہوا ہے۔ اب وہ جوکھم نہ لیتے ہوئے شب و روز کھیت میں گشت کر رہے ہیں۔دراصل جگدیش نے قرض لے کر ایک ایکڑ زمین میں ٹماٹر کی فصل اگائی تھی۔ جب تک انھوں نے فصل کاٹنے اور فروخت کرنے کا فیصلہ کیا، تب تک بدمعاش (ہفتہ اور اتوار کی شب) اپنی کارستانی کر چکے تھے اور لاکھوں روپے کے ٹماٹر لوٹ لے گئے تھے۔ بدمعاشوں نے اس بات کا فائدہ اٹھایا کہ جگدیش کا گھر ان کے کھیت سے ڈیڑھ کلومیٹر دور ہے۔ بعد میں جگدیش نے ڈوڈابلاپور دیہی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ اس درمیان رائچور ضلع سے ٹماٹر لوٹ کے دوران چاقو بازی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ 8 جولائی کو بازار میں ٹماٹر کی فصل کی رکھوالی کرتے وقت ایک کاروباری رفیع کو بدمعاش نے چاقو مار دیا تھا۔ اسے گردن میں چوٹ لگی تھی اور ہاسپٹل میں اس کا علاج جاری ہے۔