کرناٹک میں گائو رکھشکوں کا تشددمسلم شخص ادریس پاشاہ کا پیٹ پیٹ کر قتل

   

بنگلورو: کرناٹک میں موب لنچنگ کا ایک واقعہ پیش آیا ہے۔ آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق مبینہ گائو رکشکوں نے مسلم شخص کا پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ مویشی تاجر ادریس پاشاہ اور اس کے دو ساتھیوں پر جمعہ کی رات پونیت کیری ہلی کی قیادت میں خود ساختہ گائو رکشکوں نے حملہ کر دیا۔رپورٹ کے مطابق گائو رکشکوں نے اس کنٹینر گاڑی کو روکا، جس میں ادریس اور دیگر لوگ مویشی لے جا رہے تھے۔ حالانکہ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے منڈی سے مویشی خریدے ہیں اور کاغذات بھی دکھائے لیکن گروہ نے 2 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ جب ادریس نے رقم دینے سے انکار کر دیا تو انہوں نے اسے پاکستان جانے کو کہا اور اس پر اور دو دیگر افراد پر حملہ کر دیا۔کچھ حملہ آوروں نے ادریس اور عرفان کا تعاقب کیا، جبکہ دوسروں نے کنٹینر ڈرائیور سید ظہیر پر حملہ کر دیا۔ ایک پولیس کانسٹیبل نے مداخلت کی اور ظہیر اور کیرے ہلی کو قریبی تھانے لے گئے۔ کیرے ہلی نے ظہیر اور دیگر کے خلاف گایوں کی غیر قانونی نقل و حمل کی شکایت درج کرائی۔ اس کے بعد ظہیر اور اس کے ساتھیوں کے خلاف کرناٹک پریوینشن آف گاؤ سلاٹر اینڈ کیٹل ایکٹ، پریوینشن آف کرولٹی ٹو اینیملز ایکٹ، اینیمل ٹرانسپورٹ ایکٹ اور موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔تحقیقات کے دوران پولیس نے پایا کہ کیرے ہلی اور دیگر گائو رکشکوں کے حملے کے سبب ادریس کی موت واقع ہو گئی۔ ظہیر کی شکایت پر پولیس نے کیرے ہلی اور اس کے ساتھیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔ ملزمان مفرور بتائے جاتے ہیں۔ قتل کے بعد ادریس کے رشتہ داروں اور رام نگر کے مسلمانوں نے احتجاج شروع کر دیا۔ انہوں نے ملزمین کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔