کرناٹک میں گریجویٹس اور ڈپلومہ ہولڈرس کی مالی امداد

   

چیف منسٹر سدرامیا نے انتخابی وعدہ کے مطابق اسکیم نافذ کردی
گلبرگہ 27دسمبر 🙁 سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کرناٹک کے چیف منسٹر سدرامیا نے اپنے انتخابی وعدہ کے مطابق عوامی مفاد کے لئے اپنی پانچویں گیارنٹی اسکیم کرناٹک میں نافذ کردی ہے ۔ اس ضمانتی اسکیم کے تحت کرناٹک کے بے روزگار گریجویٹس اور ڈپلومہ ہولڈرنوجوانوں کو یوتھ فنڈ اسکیم کے تحت مالی امداد فراہم کی جائیگی ۔ یہ اسکیم 12جنوری 2024سے شروع ہوگی ۔ سال 2022-23 میں گریجویٹ ڈگری یا ڈپلومہ حاصل کرنے والے بے روزگار نوجوانوں کو حکومت کی جانب سے بالترتیب 3000روپیئے اور 1500روپئے ماہانہ دئے جائیں گے ۔ اسکیم کے تحت ایس نوجوانوں کو مالی امداد دی جائیگی جو ڈگری یا ڈپلومہ حاصل کرنے کے 180 دنوں بعدبھی بے روزگار ہیں۔ اسکیم کے تحت امداد حاصل کرنے والے نوجوانوں کو کم از کم چھ برسوں تک کرنے کرناٹک میں رہنے کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔اسکیم کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو نتائیج کے اجراء کے بعد یا اس مدت کے دوران ملازمت ملنے تک دو سال کی مدت تک کے لئے مالی امداد فراہم کی جاتی رہیگی۔ یہ رقم راست مستفیدین کے اکائونٹس میں جمع کردی جائیگی ۔ جو نوجوان خود روزگار ہیں اور خود روزگاری کے ساتھ اعلی ٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں انھیں اس یوا ندھی اسکیم سے باہر رکھا گیا ہے ۔ کرناٹک میں اسکل ڈیولپمنٹ اور انٹرپرینیورشپ کے وزیر ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل نے کہا ہے کہ اس سال یوتھ فنڈ اسکیم کے تحت 250کروڑ روپئے مختص کئے جائیں گے ۔ آئندہ سال سے یہ رقم 1250کروڑ روپیوں تک ہوسکتی ہے۔ اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لئے نوجوانوں کو سیوا سندھو پورٹل پر لاگ آن کرنا ہوگا ۔ یا اس اسکیم کے لئے کرناٹک ون ، بنگلور ون ، ولیج ون اور باپو جی سیوا کیندر کے ذریعہ درخواست دی جاسکتی ہے ۔ اسکیم کیلئے درخواست دینے کے لئے کوئی رقم خرچ نہیں ہوگی ۔ یہ بالکل مفت ہوگی ۔ درخواست دہندگان کو ہائی اسکول مارک شیٹ ، گریجویشن مارک شیٹ ، ڈپلومہ مارک شیٹ ، آدھا کارڈ ، ذات کا سرٹیفکیٹ ، بینک اکائونٹ کی تفصیلات اور آمدنی کے سرٹیفکیٹ سمیت کچھ اور دستاویزات بھی جمع کرنی ہوں گی ۔ واضح رہے کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس اور سدرامیا نے بیروزگار گریجوٹس اور ڈپلومہ ہولڈرس کی مالی امداد کے لئے جس امدادی اسکیم کے نفاز کی گیارنٹی دی تھی کل بنگلور میں انھوں نے اس کے نفاذ کا اعلان کردیا ۔ اس تقریب میں ان کے ساتھ دپٹی چیف منسٹر کرناٹک ڈی کے شیو کمار ، ریاستی وزرا ڈاکٹر شرنپرکاش پاٹل اور پریانک کھرگے بھی شریک تھے ۔