کرناٹک میں یکم جون سے منادر کھول دی جائینگی

   

بنگلورو 26 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک میں مندروں کو ‘ جنہیں کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر دو ماہ قبل بند کردیا گیا تھا ‘ یکم جون سے عوام کیلئے کھول دیا جائیگا ۔ ریاستی وزیر کے سرینواس پجاری نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس مسئلہ پر چیف منسٹر سے بات چیت کی ہے اور یہ فیصلہ کیا ہے کہ یکم جون سے مندروں کو کھول دیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام مندروں میں سیوا کو بھی بحال کرنے کا منصوبہ ہے تاہم صورتحال کے مطابق فیصلہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ٹرینس اور فلائیٹ خدمات بحال ہوگئی ہیں۔ گاڑیوں کی نقل و حرکت کو بھی بحال کردیا گیا ہے اور ہوٹلیں بھی جلد ہی کھولی جاسکتی ہیں ایسے میں کئی عقیدتمندوں کا مطالبہ تھا کہ مندروں کو بھی کھولا جائے ۔ ریاست میں جملہ 34 ہزار مندریں سرینواس پجاری کے ہندو امور محکمہ کے تحت آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مندروں کو روزآنہ پوجا اور دیگر رسومات کیلئے کھول دیا جائیگا ۔ تاہم مندروں میں میلے اور دیگر پروگرامس وغیرہ کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔