کرناٹک میں 14 دن کا مکمل لاک ڈاؤن

,

   


صبح 6 تا 10 بجے دن کے درمیان ضروری سامان خرید نے کی سہولت

بنگلورو:کورونا کی دوسری لہر میں کرناٹک بی جے پی اقتدار والی پہلی ریاست ہے جس نے ریاست میں مکمل لاک ڈاؤن جیسی پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے۔ کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا نے اس کا اعلان کیا۔ کرناٹک کے وزیر اعلی نے کہا کہ کل رات سے اگلے 14 دن کے لئے ریاست میں کرفیو نافذ رہے گا۔واضح رہے وزیر اعلی یدی یورپا نے ان پابندیوں کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرناٹک میں دہلی اور اتر پردیش سے بھی زیادہ تیزی سے وبا پھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سنگین صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان 14 دنوں کے دوران صبح 6 بجے سے 10 بجے کے درمیان لوگ ضروری سامان خرید سکتے ہیں اور دس بجے کے بعد دکانیں بند کر دی جائیں گی اور اس دوران پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گا۔واضح رہے بی جے پی اقتدار والی ریاستوں میں ایسی پابندیاں عائد نہیں ہیں جبکہ مہاراشٹر، راجستھان اور دہلی میں اس طرح کی پابندیاں عائد ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے آخری قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ لاک ڈاؤن کو آخری متبادل کے طور پر استعمال کرنا چاہیے اور یہی وجہ ہے کہ بی جے پی اقتدار والی ریاستیں اس طرح کی پابندیاں عائد کرنے سے گریز کر رہی ہیں۔
اپنے فیصلہ میں یدی یورپا حکومت نے شراب کی گھر پر ڈلیوری کی اجازت دیدی ہے۔ ان پابندیوں میں ریاست کے اندر یا باہر سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انتہائی ضروری حالات میں ایسی اجازت دی جائے گی۔ وزیر اعلی نے بتایا کہ طبی اور ضروری خدمات، مینوفیکچرنگ، تعمیراتی اور زرعی شعبوں میں کام کی اجازت ہوگی۔