ریاست میں دس لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا ۔ دیگر طبقات کیلئے بھی کھرگے اور راہول کے اعلانات
بیلگاوی، کرناٹک: صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور سابق صدر راہول گاندھی نے کرناٹک اسمبلی انتخابات کی مہم کا بگل بجاتے ہوئے آج کہا کہ بیروزگار گریجویٹ نوجوانوں کو دو سال کیلئے ماہانہ 3000 روپئے کا بیروزگاری الاؤنس دیا جائے گا۔ ریاست میں پارٹی کی حکومت بننے پر پانچ سال میں 10 لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔ کھرگے اور راہول نے یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب میں کہا کہ کانگریس حکومت سب کے فائدے کیلئے کام کرے گی اور ریاست کے لوگوں کو بدعنوانی سے پاک حکمرانی فراہم کرے گی۔ بھارت جوڑو یاترا کے بعد راہول نے آج پہلی بار کرناٹک کا دورہ کیا اور نوجوانوں و بیروزگاروں کیلئے کئی پرکشش اعلانات کئے ۔ کرناٹک کے نوجوانوں سے وعدہ کرتے ہوئے راہول نے کہا کہ گریجویٹ نوجوانوں کو ماہانہ 3,000 روپئے اور ڈپلومہ ہولڈروں کو دو سال کیلئے 1,500 روپئے ماہانہ دیے جائیں گے ۔ پانچ سال میں دس لاکھ نوجوانوں کو روزگار دیا جائیگا اور ڈھائی لاکھ سرکاری نوکریاں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس عوام کے مسائل اور مشکلات کو سمجھتی ہے ۔ بی جے پی حکومت عوام کی مدد کرنے کے قابل نہیں ہے ۔ بی جے پی عوام کے مسائل کو نہیں سمجھ رہی ہے اس لیے کانگریس عوام کے مسائل کو سمجھتے ہوئے یہ اعلان کررہی ہے ۔ راہول نے کہا کہ کرناٹک میں بی جے پی حکومت ملک کی سب سے بدعنوان حکومت ہے ۔ اگر آپ اس حکومت میں کوئی کام کروانا چاہتے ہیں تو آپ کو 40 فیصد کمیشن دینا ہوگا۔ کرناٹک میں ٹھیکیداروں اور اسکولوں کی تنظیموں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر کہا ہے کہ یہاں ہر کام کیلئے 40 فیصد کمیشن کا مطالبہ کیا جاتا ہے ، لیکن اب تک مودی کی طرف سے ان خطوط کا کوئی جواب نہیں آیا ہے ۔ کرناٹک میں کمیشن دیئے بغیر کوئی کام نہیں ہو سکتا۔کھرگے نے کہا کہ ہم ایک ایسے ہندوستان کی تعمیر کی کوشش کریں گے جہاں غریبوں کی آواز کی قدر کی جائے اور غریبوں کو یہ محسوس ہو کہ یہ ملک ان کا ہے ۔ کانگریس ایک ایسے ہندوستان کی تعمیر کرے گی جہاں سب کو برابری کے حقوق حاصل ہوں اور جہاں اونچ نیچ کی کوئی تفریق نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ کانگریس صنفی امتیاز نہیں کرتی اور مساوات کے اصول پر یقین رکھتی ہے ۔