کرناٹک : وزیر صحت کے پروگرام میں سماجی فاصلہ کی خلاف ورزی

   

بنگلورو 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے وزیر صحت بی سری راملو نے کھلے ٹرک میں حامیوں کے سمندر سے گزرتے ہوئے سماجی فاصلے کے قواعد کی دھجیاں اُڑائی ہیں۔ ایک پروگرام کے تحت وزیر موصوف اپنے حامیوں کے درمیان کھلی گاڑی میں آگے بڑھتے رہے جبکہ اُن کے حامیوں نے نعرہ بازی کرتے ہوئے اُن پر پھول برسائے۔ اِس پورے پروگرام میں کورونا وائرس کے سبب اختیار کردہ احتیاطی تدابیر جیسے سماجی و جسمانی فاصلے کی برقراری کی کوئی تعمیل نہیں کی گئی۔ ریاستی وزیر چتر درگ میں پرشورام پورہ سے سالانہ ایونٹ بگینا کے لئے رواں دواں تھے۔ یہ رسم دریائے ویتاتی کے پاس جاکر انجام دی جاتی ہے۔ ٹرک میں وزیر صحت کے ساتھ مقامی ایم ایل اے تھپا ریڈی کو بھی حامیوں کے ہجوم کے درمیان دیکھا گیا۔ ریاست نے حال ہی میں لاک ڈاؤن تحدیدات میں جزوی نرمی کے تحت مذہبی تقاریب کی اجازت دی ہے لیکن واضح کیا گیا کہ ایسے موقعوں پر حفاظتی و احتیاطی قواعد کی تعمیل ضروری ہے۔ تاہم عملاً ایسا ہوا نہیں ہے۔ سری راملو سے جب اِس بارے میں پوچھا گیا تو اُنھوں نے کہاکہ جو کچھ ہوا وہ جان بوجھ کر نہیں کیا گیا۔ وہ تو بس دریا کی پوجا کے لئے آئے۔ اُنھوں نے ورکرس کی خواہش پر اِس پروگرام میں حصہ لیا۔ وہ ہر کسی سے مسلسل اپیل کررہے ہیں کہ لاک ڈاؤن قواعد کی خلاف ورزی نہ کی جائے۔ کرناٹک میں ابھی تک 3408 کورونا وائرس کیس سامنے آئے ہیں۔ حکومت کرناٹک نے ریاست میں اِس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے 5 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے داخلہ پر پابندی لگارکھی ہے۔